متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے خلاف بھرپور یوم سوگ منایا گیا

جمعرات 18 دسمبر 2014 16:13

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے خلاف بھرپور یوم سوگ منایا گیا۔ یوم سوگ کے سلسلے میں زونل آفس کے سامنے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ غائبانہ نماز جنازہ میں زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی ، یونٹ ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

غائبانہ نماز جنازہ کے اختتام پر سانحہ پشاور کے شہداء کی مغفرت و درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔ علاوہ ازیں پشاور آرمی پبلک اسکول پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم طلباء ، اساتذہ کرام اور اسٹاف کی یاد میں زونل آفس کے باہر شمعیں روشن کر کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔ سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب میں زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی ، یونٹ ذمہ داران و کارکنان ، اسکولوں کے طلباء و طالبات، معصوم بچوں بچیوں سمیت مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

تقریب کے شرکاء نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور انکے سوگوار خاندان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کر کے شہداء کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کا پاس رکھا جائے۔تقریب کے اختتام پر کی جانے والی دعا میں سانحہ پشاور کے شہیدوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی ، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قائد تحریک الطاف حسین کی درازی ء عمر کے لئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں