عمران اسماعیل کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران الطاف حسین کیخلاف نازیبا الفاظ کااستعمال عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے،نوید قائم خانی

بدھ 8 اپریل 2015 17:22

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے این اے 246سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے ذریعے عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ این اے 246کے انتخابی حلقے میں 1988سے 2013کے دوران منعقد ہونے والے ہر الیکشن میں قائد تحریک الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدوار نے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ علاقے کی عوام قائد تحریک الطاف حسین پر غیر متزلزل اعتماد رکھتے ہیں اورکڑے سے کڑے وقت میں بھی اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال بھرپور طریقے سے ایم کیوایم کے حق میں کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حلقے کی عوام کی جانب سے کسی بھی قسم کا تعاون میسر نہ آنے کے باعث شدید مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اور اپنی خفت کو مٹانے کی خاطر بے سروپا بیانات جاری کر رہے ہیں تاکہ عوام میں اشتعال پیدا کر کے انتخابات کو التواء کا شکار کیا جاسکے۔انہوں نہ کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دئیے جانا انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔

الیکشن کمیشن ضابطہء اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیکر عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ 23اپریل کے دن این اے 246کی عوام قائد تحریک الطاف حسین کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا بھرپور ثبوت پیش کریں گے۔ اور جھوٹ کے ذریعے عوام کے جذبات سے کھیلنے والے سیاسی مداریوں کی سیاست کا باب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کردیں گے۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں