ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج سمیت 16ذمہ داران اور کارکنان کی گرفتاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، نوید قائم خانی

جمعہ 3 جولائی 2015 16:52

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے کراچی کے علاقے گلبہار کالونی میں ایم کیوایم کے سیکٹر آفس میں چھاپہ مار کر فلاحی سرگرمیوں کے لئے عطیات جمع کرنے کے جرم میں ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج سمیت 16ذمہ داران اور کارکنان کی گرفتاری کو آئین و قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ کراچی سمیت پورے ملک کی عوام اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی خدمات کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا ہو ا ہے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا عوام کی جانب سے رضاکارانہ طور پر دئیے جانے والے زکواة ، فطرہ اور دیگر عطیات کے ذریعے ہی ممکن ہو سکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ حکومتی اداروں کی نا اہلی اور کرپشن کے باعث گرمی سے متاثرہ شہری سینکڑوں کی تعداد میں کیڑے مکوڑوں کی طرح مر جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود وفاقی و صوبائی حکومتوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔جبکہ دوسری جانب کڑے حالات میں بلا تفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دینے والی فلاحی تنظیم کو کام کرنے سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کو ایک مذاق بنا دیا گیا ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کی من پسند تشریح کر کے خدمت خلق فاؤنڈیشن جیسے عالمی شہرت یافتہ ادارے کی سرگرمیوں کو محدود کر رہے ہیں۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں