الطاف حسین کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آرز کے اندراج پر زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی کا اظہار تشویش

بدھ 15 جولائی 2015 18:36

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے ملک کے مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آرز کے اندراج پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفے سے خوفزدہ حکمران اور اسٹیبلشمنٹ منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کروڑوں حق پرست عوام کو ایم کیوایم سے دور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

وفاقی حکومت ایم کیوایم فوبیا کا شکار ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بے بسی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو گا کہ وہ ایم کیوایم کے قائد کے خلاف ایف آئی آرز کالعدم تنظیموں کے عہدیداران کی مدعیت میں درج کروا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

آئین ، قانون اور جمہوریت کی اس درجہ تذلیل شاید ہی کسی جمہوری حکومت کے دور حکومت میں ہوئی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے شہید ہونے والے 200کارکنان کے قاتلوں کی گرفتاری کے بجائے حکومت قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف زیادہ سے زیادہ ایف آئی آرز درج کروانے کی آرزومند ہے ۔

جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کی نظروں میں انسانی جانوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کروڑوں حق پرست عوام کے متفقہ قائد ہیں۔ اس قسم کی جھوٹی ایف آئی آرزکے اندراج کے ذریعے عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی حکمرانی کے دعویٰ کرنے والے امتیازی انصاف کے ذریعے جو طریقہ ء حکمرانی رائج کر رہے ہیں۔ اس کے بدترین نتائج کا ایک نہ ایک دن انہیں بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔اور اس دن جمہوریت اور آئین کی دہائیاں دینے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں