قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری روک دی گئی، اس معاملے پر احتجاج بلاجواز ہے، نوید قمر

ہفتہ 15 نومبر 2008 22:28

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2008ء) وفاقی وزیر نجکاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ قادر پور گیس فیلڈ کی نجکاری روک دی گئی ہے اور اب اس معاملے پر احتجاج بلاجواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلڑی شاہ کریم میں قدرتی گیس کی فراہمی کے کام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث پیپلز پارٹی کی حکومت کو دہشت گردی اور مالیاتی بحران جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ حکومت کو صرف 6 ماہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل بلڑی شاہ کریم میں قدرتی گیس کی فراہمی کیلئے 103 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ مذکورہ اسکیم کیلئے وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی فنڈز سے 22 کروڑ 60 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے دریں اثناء ٹنڈو محمد خان میں منعقدہ کھلی کچہری میں انہوں نے 5 ڈاکٹرز اور 70 ڈسپنسرز کو ان کی تقرری کے آرڈرز دیئے۔

جبکہ ایک ماہ قبل بجلی کے تار گرنے سے ہلاک ہونے والی 8 بھینسوں کے مالکان کو مجموعی طور پر دو لاکھ روپے کے چیک دیئے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید محسن شاہ بخاری، عبدالکریم سومرو، پی پی ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر حاجی محمد امین لاکھو، سید اعجاز شاہ بخاری، سید اعجاز نبی شاہ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ کھلی کچہری سخت بدنظمی کا شکار تھی۔ جس کے باعث وفاقی وزیر سید نوید قمر کھلی کچہری سے خطاب کئے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں