انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے ، سو ل ہسپتال ٹنڈومحمدخان میں علاج کیلئے آنیوالے مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،ڈاکٹر کریم بخش بڑدی

ہفتہ 21 مارچ 2015 23:35

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈومحمدخان ڈاکٹر کریم بخش بڑدی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے ، سو ل اسپتال ٹنڈومحمدخان میں دور دراز سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں یہ بات انہوں نے سول اسپتال میں دور ے کے موقع پر مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، ڈاکٹر کریم بخش بڑدی نے کہاکہ ایمرجنسی میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف 24گھنٹے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہے ، مریضوں کو ہر قسم کی دوائیاں بروقت دی جارہی ہیں ،انہوں نے کہاکہ بچے مستقبل کا معمار ہیں ، ان کی صحت کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے ، بچوں کو پولیو کے دو قطرے پلانے سے ہر قسم کی بیماری دور ہوسکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کے موقع پر ضلع کی 17یونین کاؤنسل میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جس کیلئے 70ایریا انچارج ، 262موبائل ٹیمیں سمیت کل 317ٹیمیں فیلڈ میں کام کیا ہے ، اور انہوں نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ہیں، انہوں نے کہاکہ آئندہ کی پولیو مہم کے دوران اسی طرح کی حکمت عملی اپنائی جائیگی تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے قاصر نہ رہ سکے، انہوں نے کہاکہ اسپتال کی بہتری کیلئے اور بہت سے کام کئے جارہے ہیں ، جن میں مریضوں کیلئے بستروں کے اضافے اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ شہر کی سیاسی وسماجی تنظیمیں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی کوئی شکایت ہو تو اس کی نشاندہی کریں ہم انشااللہ تعالی ان شکایت کا ازالہ کریں گے ، اس موقع پر پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر حفیظ پاشا ، ڈاکٹر شبیرمیمن ، ڈاکٹر علی بخش ملاح ، ڈاکٹر مقبول ملاح ، ڈاکٹر امیر علی چنا ، ڈاکٹر رؤف راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے ۔

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں