تیر و ترکش

بدھ 27 اگست 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#ملی یک جہتی کونسل بھی متحارب سیاسی فریقین میں مصالحت کے لیے سرگرم، لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد کی طاہرالقادری سے ملاقات
آخر لیاقت بلوچ صاحب کب تک سراج الحق کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے رہتے
#نواز شریف حج پر، عمران بیوی کے پاس، قادری کینیڈا چلے جائیں، محمود خان اچکزئی
اور پیچھے رہ جائیں گے مولانا فضل الرحمن، اچکزئی صاحب ، چودھری شجاعت ،زرداری صاحب اور… جنرل راحیل شریف
#عمران خان کے شادی کے اعلان پر شیخ رشید کے منہ میں پانی آگیا، سینیٹرزاہد خان
اب شیخ صاحب کے منہ میں پانی ہی آسکتا ہے
#سیاسی صورت حال کی وجہ سے آپریشن ’ضرب ِ عضب‘ پس منظر میں چلا گیا
ہوسکتا ہے آپریشن’ضرب عضب‘ کو پس منظر میں لے جانے کے لیے موجودہ سیاسی صورت حال پیدا کی گئی ہو
#اے سی رومز سے نکل کر عوام میں جائیں اور مسائل معلوم کریں، زرداری کی سندھ کے وزراء کو ہدایت
گر مسائل حل نہ بھی ہوں تو عوام بے چارے ان دوکاموں سے بھی خوش ہو جائیں گے
#قوم مایوس نہ ہو جلد سیاسی و مذہبی بت ٹوٹ جائیں گے، حمید گل
اور مایوس قوم کے لیے پھر نئے بت تیار کر دیئے جائیں گے، رہے سلامت پیشہٴ آ زری
#ہم سب نے دستور کے تحت حلف اٹھا رکھا ہے، پھر شاہراہ دستور کیوں بند ہے،سپریم کورٹ
اس لیے کہ دستور کو صرف حلف اٹھانے کے لیے ہی رکھ لیا ہے ہم سب نے، اس پر عمل ہوتا تو شاہراہ دستور بھی بند نہ ہوتی
#فریقین ایک میز کی طرف جا رہے ہیں، سراج الحق
اور میز کو اٹھاکر دور کر دیا جاتا ہے روزانہ روزانہ
#امریکا نواز شریف کے ساتھ کام کرتا رہے گا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
لگتا ہے امریکا نواز شریف کا ’کام‘ کرکے چھوڑے گا
#حکومت کو پیچھے ہٹنا پڑے تو شرمندی محسوس نہ کرے، الطاف حسین
بلکہ پیچھے ہٹ کر دو قدم آگے بڑھنے کی تیاری کرے… ہماری طرح
#زرداری پہنچ گئے اب حکومت نہیں جائے گی، ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو
کچھ نہ کچھ تو جائے گا حکومت کے ہاتھ سے، زرداری صاحب کی آمد پر
#انگریزوں سے وفاداری کے عوض جاگیریں لینے والے اور بینکوں کے نادہندگان اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، امیر جماعت اسلامی
پھر بھی آپ اس اسمبلی سسٹم کو بچانا چاہتے ہیں
#نواز شریف سے ملاقات کے بعد زرداری کی منصورہ میں سراج الحق اور چودھری برادران سے ان کی رہائش پر ملاقاتیں
عالم برزخ میں ضیاء الحق، مودودی صاحب، بھٹو اور چودھری ظہور الٰہی ایک دوسرے سے آنکھیں چرا رہے ہوں گے
#جماعت اسلامی پرویز خٹک کے خلاف عدم اعتماد کا حصہ نہیں، لیاقت بلوچ
بلکہ جماعت کی موجودہ، پھرتیوں اور آنیوں جانیوں سے لگتا ہے کہ اس کا حصہ الگ رکھ دیا گیا ہے
#شیخ رشید اور جمشید دستی نے استعفے جمع نہیں کرائے
دونوں کو ڈر ہوگا کہ اسپیکر لفافے میں سے ان کے استعفے نکال کر کہیں لفافہ واپس نہ کر دے
#دوسیاسی یتیم پارلیمنٹ کے سامنے شامِ غریباں منا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن
پچھلے دنوں لگتا ہے حافظ حسین احمد صاحب کے ساتھ کافی وقت گزارا ہے مولانا نے
#قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کر دے، صدرممنون حسین
افراتفری پھیلانے والے پھر بھی آپ کی حکومت کو نظر انداز نہیں کریں گے
#چاہتا ہوں جلدی نیا پاکستان بن جائے تاکہ شادی کر لوں، عمران خان
پرانے پاکستان کی طرح نئے پاکستان میں بھی آپ کو رشتہ پسند نہ آیا تو کیا پھر ایک اور پاکستان بنائیں گے؟
#مائنس ون فارمولاقبول نہیں،زرداری
بلکہ پلس ون ہو جائے تو کیا بات ہے تاکہ میں بھی کچھ مصروف ہو جاؤں
#پاکستان کی جمہوریت بچانا چاہتا ہوں جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ کریں گے، سراج الحق
جمہوریت بچا کر جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ…؟ واہ سراج صاحب کیا!خواب ناک بیان ہے
#سیز فائر کی خلاف ورزی پر کوئی پریشانی نہیں، بھارتی ایئر چیف
کیوں کہ ہمیں پریشان کرنے والے آج کل خود کافی پریشان ہیں
#پاکستانی سیاسی منظر نامے میں زرداری کی ہیرو جیسی انٹری
کہیں ولن جیسی واپسی نہ ہو جائے زرداری صاحب کی، اقتدار سے واپسی کی طرح
#پیپلز پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، شرجیل میمن
حالانکہ عوام پیپلز پارٹی کو کب کے تنہا چھوڑ چکے ہیں
#اگر مجھے شہید کیا گیا تو پارلیمنٹ ہاؤس شہدا کا قبرستان بن جائے گا، طاہر القادری
شاید نہ آپ اتنے خوش قسمت نہ پارلیمنٹ ہاؤس کا مستقبل اتنا تاریک ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :