خدا مصروف ہے۔۔۔!

بدھ 17 دسمبر 2014

Fauzia Bhatti

فوزیہ بھٹی

اور فرض کر لو۔۔۔
خدا مصروف ہے۔۔۔!
اگر میں یہ کہوں کہ میرے دماغ کی کوئی رگ پھٹنے کے بالکل قریب ہے تو جھوٹ نہ ہو گا،اگر میں یہ کہوں کہ اولاد کا دکھ اس کرّہ ارض پر موجود سانس لیتے دکھوں میں سب سے عظیم اور بڑا دکھ ہوتاہے تو یہ جھوٹ نہ ہوگا،اگر میں یہ کہوں کہ آج 16دسمبر 2014کی رات کو سارا پاکستان بے خوابی کا شکار رہے گاتو خدا کی قسم! یہ جھوٹ نہ ہو گا۔

ایک عام پاکستانی کو اس سے اب کوئی غرض نہیں رہی کہ حکومتِ وقت کی داخلی وخارجی پالیسی کیا ہے،اپوزیشن کے شکوے شکایتیں کیا ہیں۔آج تو تھر میں بھوک سے مرنے والے بچے بھی بھول بھول جارہے ہیں۔آج تو لیاقت علی خان سے لے کر محترمہ بے نظیر کا اس دنیا سے چلے جانا بھی حقیر نظر آرہا ہے۔
نظر آرہا ہے تو بس اتنا کہ مہلت ختم ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

ظالم اور مظلوم دونوں کی مہلت ختم ہو چکی ہے ۔

اتنی بڑی اس دنیا میں جہاں فلسطین میں بچوں کو بے رحمانہ طریقے سے دنیا بدر کیا جاتا رہا ہے اور دنیا بھر میں اس کی مذمتیں کی جاتیں ہیں،قراردادیں پیش اور منظور کی جاتی ہیں۔ آج تووہ بھی چیخ اُٹھے ہیں آج تو ساری کی ساری دنیا چیخ پڑی ہے کہ روس کے اسکول میں رونما ہونے والا واقعہ میں بھی اس جیسا نہیں تھا۔سوچو تو آج ہم نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔

دنیا میں جب جب بے درداور بیہیمانہ سانحوں کا ذکر آئے گا اس میں ہمارا نام سب سے اوپر آئے گا۔آج پہلی بار میں نے یہ دیکھا کہ اس بار کم سے کم اس قوم کو اپنے دکھ کا اپنی تکلیف کا صیح اندازہ تو ہوا ہے۔کم سے کم انہیں یہ تو پتہ چلا ہے کہ بدن میں کہیں ناسور تو ہے۔پہلی بار انہیں یہ اندازہ ہوا ہے کہ ان کا دکھ عظمت کی ان بلندیوں کو چھو گیا ہے جہاں سے حوصلوں کو نئی روشنی ملتی ہے۔

جب تک یہ کالم آپ کی نظر سے گزرے گاہر طرح کا تبصرہ آپ پڑھ چکے ہوں گے ،سن چکے ہوں گے۔ رات کے اس پہر جب باہر سارے عالم میں دھند پھیل چکی ،میں نیم اندھیرے کمرے میں بیٹھی یہ سوچ رہی ہوں کہ "As Nation will WE Avenge them?or will be Avenged over and over again?
ہر پاکستانی ماں کی طرف سے ہر محافظ کے نام۔۔۔!
اور فرض کر لو
خدا مصروف ہے۔۔۔!
اسے ہمارے سوا
کئی اور بھی کام ہیں
تو کیا تب بھی تم
خود اپنے لئے نہ اٹھو گے؟
کیا تم کبھی بھی اپنا مقصد نہ سمجھو گے؟
کیا تم اب بھی
زر ،زن،زمین کے پجاری رہو گے؟
کیا تم نائب نہیں ؟
کیا تم صرف مرنے کے لئے پیدا کئے گئے ہو؟
کیا اس دنیا کا
کیا میری دھرتی کا
تم پہ کوئی فرض نہیں؟
کیا میرے بچوں کا
تم پہ قرض نہیں؟
پاکستان کا خیال رکھئے یہ آپ کا ہے۔

اللہ سبحان و تعالیٰ پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔آمین

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :