اوباما کو مبارک

پیر 6 جولائی 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

امریکا کے کالے کلوٹے صدر اوباما کی خوش نصیبی کے کیا کہنے! ابھی سپریم کورٹ نے ہم جنسوں میں شادی کی منظوری دی ہی تھی کہ زمبابوے کے سیاہ فام صدر رابرٹ موگابے نے اوباما کو پرپوزکرنے کااعلان کردیا ہے ، رابرٹ موگابے امریکا جا کر گھٹنے کے بل بیٹھ کر بڑی لجاجت ، چاؤ اور پیار بھرے لہجے میں اوباما سے ان کا ہاتھ مانگیں گے۔ یقینا اس پرپوزنگ پراوباما خوشی سے پھولے نہیں سمائیں گے اور مشعل سے کہیں گے:”جانی! تم جلدی سے اپنے لیے کسی موم بتی کا انتظام کر لو ، کیوں کہ مجھے تو اب بیاہ کے زمبابوے جانا ہے۔


####
امریکی سپریم کورٹ کے نو ججوں نے اُس کیس کی سماعت کی ، جس میں ہم جنسوں کو شادی کی اجازت دی گئی ، نو ججوں میں تین خواتین یا خواتین نما جج بھی ہیں، نو میں سے پانچ نے ہم جنسوں میں شادی کو صحیح قرار دیتے ہوئے لائسنس کے اجرا کا حکم دے دیا، البتہ چار نے اس سے اتفاق نہیں کیا ، تینوں خواتین نے حق میں فیصلہ دیا، مخالفت کرنے والے چاروں مرد ہیں، فیصلہ آتے ہی دھڑا دھڑ شادیاں شروع ہو گئی ہیں ۔

(جاری ہے)


####
گزشتہ روز کھاریاں سے پنو عاقل جانے والی خصوصی ٹرین کی چار بوگیاں گوجرانوالا کے قریب پل ٹوٹنے سے نہر میں جا گریں، بیس افراد شہید، اسی زخمی ہوئے ، شہید ہونے والوں میں اعلی فوجی افسران شامل ہیں، اس حادثے پر بڑی لے دے ہو رہی ہے، کچھ لوگ ریلوے کے لتے لے رہے ہیں ، کچھ اس کو تخریبی کارروائی قرار دے رہے ہیں ۔ جن کی جانیں ضائع گئی ہیں وہ تحقیق بھی کر لیں گے اوراگر تخریبی کارروائی ہوئی تو ذمے دار کو سزا بھی دلوالیں گے ، اس بابت کسی کو کسی اندیشے یا غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

ریلوے کے لتے لینے والے ا تنا ضرور خیال رکھیں کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی ٹرینوں کے بڑے بڑے حادثے ہوتے ہیں ، جہاں ریلوے کا نظام انتہائی سے زیادہ مثالی ہے، یہ ٹھیک ہے ہمارے ہاں ریلوے ٹریک اور پلوں کو دیکھ بھال سے مستثنی سمجھا جاتا ہے ، یقینا یہ صحیح نہیں اس کا انتظام ضرور ہونا چاہیے یہ انتظام نہ ہوسکے تو ریلوے کے ذمے داران کا انتظام ضرور ہونا چاہیے ۔


####
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے وہ میاں نواز شریف کی کچھ غلطیوں کا دفاع نہیں کر سکتے ۔چلیں خواجہ جی جتنی غلطیوں کا دفاع کر سکتے ہیں ان کا تو کریں ، باقی کا اسحاق ڈار صاحب کر لیں گے، وہ بھی نہ کر سکے تو میاں جی خود ہی کر لیں گے ۔ خواجہ کی باتوں سے اتنا پتا تو چلا کہ میاں صاحب بھی غلطیاں کرتے ہیں ، یہ پتا بھی چلا کہ میاں صاحب کے ساتھی ان پر حسب ضرورت تنقید بھی کرتے ہیں ، اس لیے یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ میاں ساحب کے قریبی ساتھی انہیں روک ٹوک سکتے ہیں نہ ان پر تنقید کر سکتے ہیں۔


####
سائیں قائم علی شاہ کا کہنا ہے نیب نے کراچی میں جو انتقامی کارروائیاں کی ہیں ، ان کا وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو بھی پتا نہیں تھا۔ چلیں سائیں کی بات سے یہ بات تو ثابت ہو گئی کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، اس کی مرضی ،جہاں جہاں جو جو کرنا ہے ، میاں صاحب کا کوئی دباؤ نہیں ، جب میاں جی کا ہی دباؤ نہیں تو کسی اور کے دباؤ کا دعوی کیسے کیا جاسکتا ہے ، جہاں تک انتقامی کارروائی کی بات ہے تو سائیں کو اپنی پارٹی کی ان حرکات کی نشان دہی ضرور کرنی چاہیے تھی ، جن کے جواب میں یہ انتقامی کارراوئی ہو رہی ہے۔


####
جمعے کے روز سپریم کورٹ کے تین رکنی انکوائری کمیشن نے 2013 کے انتخابات میں منظم یا غیر منظم دھاندلی کی بابت سماعت مکمل کر لی اور فیصلہ محفوظ کر لیا ، جج حضرات محفوظ فیصلہ خوب سوچ بچار کے بعد لکھیں گے، البتہ خان صاحب اور ان کے حامی2015 کو انتخابی سال قرار دے رہے ہیں ، خان صاحب کا کہنا ہے انہوں نے عدالت کے رو برو منظم دھاندلی ثابت کردی۔

ثبوت تو فیصلہ سامنے آنے کے بعد ہی ملے گا، یہ کمیشن پہلے جوڈیشل کمیشن کہلاتا رہا ، یکا یک اس کو انکوائری کمیشن کہا جانے لگا، واقفان حال کا کہنا ہے ، ن لیگ اور تحریک انصاف میں جس دستاویز پر اتفاق ہوا ، اس میں بھی انکوائری کمیشن ہی لکھا ہے ۔ چھیاسی دنوں میں کمیشن کے انتالیس اجلاس ہوئے ور انہتر گواہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔ کمیشن کا فیصلہ آنے تک ن لیگ اور تحریک انصاف میڈیا پر اپنی جنگ جاری رکھیں ،دل کھول کر ایک دوسرے کو لعن طعن کریں، رمضان کا مہینا ہے، افطار پارٹیوں کے بعد میڈیا والوں کے منہ اور پیٹ میں بھی کچھ نہ کچھ تو ڈالنا ہی ہوتا ہے ، انکوائری کمیشن کی بابت گوہر افشانیاں ہی سہی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :