خبر دار!

بدھ 9 مارچ 2016

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

وزیر اعظم میاں نواز شریف سعودی عرب جا رہے ہیں، انہیں سعودی شاہ نے خصوصی دعوت دی ہے ، سعودیہ میں فوجی مشقیں ہو رہی ہیں ،وزیر اعظم یہ مشقیں دیکھیں گے ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی سعودیہ جا رہے ہیں ، انہیں مشقیں دیکھنے کے لیے خصوصی دعوت دی گئی ہے ، مشقوں میں پاکستانی دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ پتا نہیں وزیر اعظم اور آرمی شریف مل کر جا رہے ہیں یا بٹ کر! ایک ساتھ جارہے ہیں تو خبر الگ الگ کیوں دی جا رہی ہے، الگ الگ جا رہے ہیں تو الگ کیوں جا رہے ہیں؟ ایک ساتھ جانے میں کیا مضائقہ! شاید دعوت دینے والوں نے دونوں کو الگ الگ دعوت دی ہے ۔

الگ الگ جائیں یا مل کر دل ملے رہیں تو دونوں کا مفاد اسی میں ہے ، ملک کا مفاد بھی اسی میں ہے ۔
####
یہ ہوئی نا بات !سابق ناظم کراچی کے بعد سندھ کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے اعلان بغاوت کر دیا ہے ، اب نئی پارٹی کی صحت بنانے کے لیے کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا ازخود ہی اعلان کر دیا ورنہ اعلان کروالیا جاتا ،چوں کہ آج کل کسی پر کوئی بھروسا کرنے کو تیار نہیں ہوتا،اس لیے کراچی کے عوام دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں، شور مچا ہو ا ہے کہ متحدہ میں پھوٹ پڑ گئی ہے ، یہ 1992والی پھوٹ نہیں ہے ، یہ کوئی اور ہی چکر ہے ،کچھ واقفان حال کے مطابق بابا جی کے چل چلاؤ کا زمانہ قریب آ گیا ہے تو ہوا کا رخ دیکھ کر ایک گروپ منظر عام پر آگیا ہے ، کہنے والے کہتے ہیں ، ابھی بہت گروپ بنیں گے ، چوں کہ بابا نے اپنے علاوہ کبھی کسی پر اعتماد نہیں کیا ، ہر ایک کو شک کی نگاہ سے دیکھا ،لہذا پارٹی میں دو نمبر کوئی نہیں بن سکا ، بس ایک ہی نمبر رہا ہمیشہ ۔

آج یہ نمبر اور اس کی نمبر داری داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
####
پیشین گوئیوں کا زمانہ ہے ہر شخص پیشین گوئی کرنے میں لگا ہوا ہے ، کسی کو مصطفی کمال گورنر سندھ نظر آرہے ہیں ،کسی کو ناظم کراچی کا روپ دھارتے نظر آرہے ہیں ، کوئی سمجھتا ہے ایک اور الطاف حسین بننے چلا ہے ، یعنی بے تاج بادشاہ بنیں گے ۔خود الیکشن میں حصہ لیں گے ، نہ کوئی عہدہ لیں گے ۔

(مزاج ہی کچھ ایسا شاہانہ ہے )کسی کی رائے ہے ، قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے ، اور کسی کی نظر میں انہیں صوبائی اسمبلی میں آنا چاہیے ۔3مارچ کو 72گھنٹے اہم قرار دیے گئے تھے ، اب تک 72گھنٹے ہی چل رہے ہیں ،پتا نہیں یہ مدت کب ختم ہو گی ، یہ بھی پتا نہیں 72گھنٹے والی مدت شروع بھی ہوئی ہے یا نہیں۔
####
(تھوڑے سے ردو بدل کے ساتھ )بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں( بھی) سبحان اللہ ! پہلے بڑے میاں نے نیب پر نکتہ چینی کی، پھر چھوٹے میاں بھی پھٹ پڑے ، کہا جا رہا ہے نیب کے خلاف بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے ، پتا نہیں کارروائی کون کرے گا؟ آرمی چیف ؟ ان کا نیب سے کیا لینا دینا!وہ تو میاں جی کے ساتھ سعودیہ جائیں گے ، ساتھ نہ بھی گئے تو ساتھ ہو جائے گا، کوئی رنجش کوئی ان بن ہے تو آنے سے پہلے ختم ہو جائے گی ۔

عدالت ؟ اسے تو خود نیب پر اعتماد نہیں، خود نیب ؟ مگر نیب کے احکام نافذ کون کرے گا؟ عدالت تو نافذ کروا نہیں پاتی ۔پنجاب حکومت کے ترجمانوں اور نوجوانوں کے مطابق پنجاب میں نیب کو تنگ نہیں کیا جارہا ، نہ ہی پنجاب والوں کو اس سے خطرہ ہے۔ البتہ سندھ اور کے پی والوں کو ن لیگ کی دُم بھی نظر آ رہی ہے ، اور اس دُم پر سب کے باربار رکھے پاؤں بھی۔

اب ن لیگ دُم تو کٹوانے سے رہی ، ورنہ دم کٹی شیرنی کہلائے گی ۔ بے دُم والوں کی عزت ناک میں ہو ا کرتی ہے اور دُم داروں کی عزت دُم میں۔
####
کس پر کون کیسے اعتماد کرے ؟ الطاف حسین کے سامنے اعتماد کا حلف اٹھانے والے ڈاکٹر صغیر احمد نے بارہ گھنٹے بعد حلف کی دھجیاں بکھیر دیں، کیا پتا حلف دینے والے دوسرے حضرات و خواتین کب کیا کر بیٹھیں۔

الطاف بھائی کو تو پہلے ہی سب مشکوک لگ رہے تھے، ڈاکٹر صغیر نے رسّا تڑوالیا، کہا جا رہا ہے ایک دن میں کئی کئی رسے باندھے جاتے ہیں ، کوئی غائب ہو تو آفت آجاتی ہے ،جو موجود ہوں ان کی شامت ۔
####
ایک طرف پاکستان نے ہندوستان کو اطلاع دی ہے کہ ایک درجن کے لگ بھگ خود کش بمبار آپ کی طرف آرہے ہیں، پتا نہیں کہاں سے اورکیسے ؟ لیکن ہم اطلاع دے رہے ہیں ، پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی ۔دوسری طرف برطانیہ نے پاکستان کو خفیہ اطلاع دی ہے کہ آپ کے پاس ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے جو تین گواہ جیل میں ہیں ،انہیں کسی بھی وقت ٹھکانے لگایا جا سکتا ہے ، ہوشیار خبر دار !

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :