ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایران کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے‘ احمدی نژاد

بدھ 20 ستمبر 2006 12:13

ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایران کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے‘ احمدی ..
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منصفانہ تشکیل ضروری ہے ‘ سلامتی کونسل میں غیر وابستہ تحریک کے ممالک‘ اسلامی سربراہی کانفرنس اور افریقی یونین کو رکنیت اور ویٹو پاور دی جائے‘ ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایران کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے‘ مغربی ممالک ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر سلامتی کونسل کو غلط استعمال کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمدی نژاد نے کہا کہ سلامتی کونسل کی منصفانہ تشکیل کیلئے غیر وابستہ ممالک کی تحریک‘ اسلامی سربراہ کانفرنس اور افریقی یونین کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت اور ویٹو پاور دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران عالمی ایٹمی ایجنسی کا رکن ہے اور این پی ٹی پر کاربند ہے تاہم ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایران کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ایران کے جوہری معاملے میں سلامتی کونسل کو غلط استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں اصلاحات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا کے مسائل حل کرنے کے لئے پچاس سال پرانے اصول رائج نہیں رہ سکتے انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن و انصاف کے لئے سلامتی کونسل کی منصفانہ تشکیل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو طاقت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی عادت چھوڑنا ہوگی۔ صدر نژاد نے عراق کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ عراق پر قبضے کے بعد وہاں ہزاروں معصوم شہریوں کی ہلاکت ہوچکی ہے جو افسوسناک ہے۔

مشرق وسطیٰ کے تنازعہ پر بات کرتے ہوئے صدر احمدی نژاد نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ تاریخ کا بدترین سانحہ ہے فلسطین کی سرزمین پر قابض حکومت قائم ہونے کے بعد سے مشرق وسطیٰ مسلسل تشدد اور جنگ کے خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان پر تیس سے زائد روز تک جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان نے ظالم کو مظلوم لبنایوں پر ظلم ڈھانے کی مہلت دی۔