یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 450 اشیا کی قیمتوں میں رمضان سے پہلے ہی اضافہ کردیا

بدھ 20 ستمبر 2006 21:08

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 450 اشیا کی قیمتوں میں رمضان سے پہلے ہی اضافہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء) یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 450 اشیا کی قیمتوں میں رمضان سے پہلے ہی اضافہ کردیا ہے یہ اضافہ خاص طور پر کچن میں استعمال ہونے والی اشیا میں کیا گیا ہے اور یہ اضافہ 8سے 10فیصد ہے ۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) پچھلے کئی سالوں سے اشیا کی قیمتوں میں رمضان سے پہلے اضافہ کردیتا ہے اور پھر اس مقدس مہینے کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کرکے سرخرور ہوجاتا ہے ۔

کچن میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں اگست کے دوران سے 15 ستمبر تک اضافہ کیا گیا ہے جن میں تیل اور گھی کا 5کلو کے ڈبہ پر 20روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں قیمت 365روپے سے بڑھ کر 385روپے ہوگئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن 450 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جن میں تیل ،گھی ،چاولوں کی مختلف اقسام ،دالیں ،مصالحے ،جام جیلی ،اچار ،کیچپ ،چائے کی پتی ،سویا سوس ،نہانے کا صابن اور دیگر عام اشیا شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

یو ٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے اشیا کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے جو یو ایس سی (یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ) برانڈ کے نام سے فروخت کی جاتی ہیں جن میں 5کلو ٹوٹاچاول کے پیکٹ کی قیمت 95 روپے سے بڑھا کر 100 روپے جبکہ کینیا چائے کی قیمت 96 ررپے سے 102 روپے اور سرخ پسی ہوئی مرچ 200 گرام کی قیمت 18 روپے سے بڑھا کر 21روپے کردی گئی ہے ۔ یو ایس سی ہیڈ آفس سے تمام برانچز کے لئے احکامات جاری ہوئے ہیں کہ وہ یہ تمام اشیا نئے قیمتوں پر فروخت کریں ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ متعلقہ وزیر کئی مرتبہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتیں مارکیٹ سے کم ہیں لیکن یہ حقیقت نہیں ہے او راب عوام کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ یوٹیلٹی اسٹورز کے ایک آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹور کے ملازمین گاہکوں کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں کیونکہ یوٹیلٹی اسٹور پر کچھ اشیاکی قیمتیں اوپن مارکیٹ کے ریٹ سے بھی زیادہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بہت سے خریداریوٹیلٹی اسٹوروں پر آنے سے کتراتے ہیں کیونکہ یوٹیلٹی اسٹور تمام اشیا مہیا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹور صرف چینی پر زیادہ توجہ دے رہاہے جبکہ خریدار اپنے گھریلو ضروریات کی اشیا یوٹیلٹی اسٹورز سے خریدنا چاہتا ہے ۔ یوٹیلٹی اسٹور پر جمع ہونے والے گاہکوں نے این این آئی کو بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹور کے ملازمین بلیک مارکیٹنگ اور زیادہ قیمتیں وصول کررہے ہیں ایک گاہک نے بتایا کہ ایک یوٹیلٹی اسٹور کے اسٹاف نے ایک جنرل اسٹور والے کو بڑی تعداد میں چینی سمیت دیگراشیا فروخت کی ہیں۔

ایک اور شکایات کرنے والے نے بتایا کہ چینی کی فروخت کی وجہ سے تھوڑا رش جمع ہوجاتا ہے تو پھر اسٹاف کے لوگ اس رش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی اشیا کی قیمتوبں میں زیادہ پیسے وصول کرلیتے ہیں کیونکہ یوٹیلٹی اسٹور پر الیکٹرونک کیش مشین یا کیش میمو ریکارڈ نہیں ہے جو پرچیزنگ ریکارڈ کرسکے ۔