برطانیہ‘ حکومت کی افغانستان‘ عراق اور اسرائیلی پالیسیوں کیخلاف ہزاروں افراد کا مظاہرہ

ہفتہ 23 ستمبر 2006 23:36

ہزاروں برطانوی حکومت کی افغان ، عراق اور اسرائیل پالیسی کیخلاف احتجاجی ..
ہزاروں برطانوی حکومت کی افغان ، عراق اور اسرائیل پالیسی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کی سیاسی جماعت لیبرپارٹی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہزاروں افراد نے حکومت کی عراق‘ افغانستان اور اسرائیل سے متعلق پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کے روز یہاں ہونے والے مظاہرے میں دس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے مظاہرے کے دوران پہلے سے طے شدہ راستوں پر مارچ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھتے تھے جن پر افغانستان‘ عراق اور فلسطین سے متعلق پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے اپنے فوجی واپس بلا لینے کا مطالبہ درج تھا۔ مظاہرین وزیراعظم ٹونی بلیئر کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی مظاہرین میں ٹونی بلیئر کی بیوی چیری بلیئر کی بہن لورین اور رکن پارلیمنٹ جارج گال وے بھی شامل تھے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق مظاہرے کے تمام راستوں کو منصوبے کے تحت پولیس کی بھاری تعداد نے گھیرے میں لیا ہوا تھا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ حکومتی جماعت کا سالانہ اجلاس اتوار باقاعدہ طور پر شروع ہو رہا ہے جس میں وزیراعظم ٹونی بلیئر سمیت پارٹی کے ملک بھر سے 12000 کے قریب عہدیدار شریک ہو رہے ہیں ۔