بغداد میں تین روز کیلئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ، عراق سے فوجی انخلاء‌کے بغیر‌مزاحمت کا خاتمہ ممکن نہیں‌،امریکی کمانڈر

جمعہ 29 ستمبر 2006 02:02

بغداد میں تین روز کیلئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ، عراق سے فوجی انخلاء‌کے ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2006 ) عراق کی حکومت نے دارالحکومت بغداد میں تین روز کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ عراقی وزیر اعظم کے ترجمان حیدر مجید نے کرفیو نافذ کرنے کی وجہ بتائے بغیر کہا کہ عراق کی کابینہ نے جمعے کی رات سے اتوارکی صبح تک کرفیو کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی فوج کے ایک سینئر کمانڈر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عراق سے امریکی فوج واپس بلائے بغیر مغربی صوبے الانبار میں مزاحمت کا خاتمہ ممکن نہیں‌۔

پینٹاگون میں‌ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی فوج کے کرنل سین بی میکفرلینڈ نے کہاکہ اس بات کے واضح‌امکانات ہیں‌کہ امریکی فوج کے انخلاء‌کے بغیرمغربی صوبے الاانبار میں‌مزاحمت کا خاتمہ ممکن نہیں‌۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عراق میں سیکورٹی فورسز میں‌بھرتی ہونے والوں‌کی تعداد میں دس گنا اضافہ ہوا ہے ۔

دوسری جانب عراق میں فائرنگ اور بم دھماکوں میں سابق صدر صدام حسین کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کے برادر نسبتی سمیت تیرہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، پولیس کو مختلف مقامات سے چودہ افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ ‌کرکوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین عراقی فوجی مارے گئے ۔ حویجہ میں‌ ایک آرمی چیک پوسٹ‌پر حملے کے لئے جانے والے چھ مسلح‌افراد کو سیکورٹی فورسز نے ہلاک کردیا ۔

بغداد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سابق صدر صدام حسین کے خلاف کردوں‌کے مبینہ قتل عام کے مقدمے کی سماعت کرنے والے چیف جج محمد ال عریبی کے بردار نسبتی کو ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ان کے ایک بھتیجے سمیت دو افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔بغداد میں ہی دو بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ۔بعقوبہ میں‌پولیس اور فوج نے مذاحمت کاروں‌کے خلاف ایک بڑے آپریشن کے دوران ساٹھ سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں‌لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :