آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انضمام الحق کی کمی شدت سے محسو س کی جائے گی، ٹورنامنٹ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، یونس خان ۔۔۔ اوپنرز با صلاحیت ہیں ، چیمپئنز ٹرافی کے میچز میں اوپنرز کی تبدیلی نہیں کی جائے گی،صحافیوں سے بات چیت

پیر 2 اکتوبر 2006 13:59

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انضمام الحق کی کمی شدت سے محسو س کی جائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 2 اکتوبر 2006) پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انضمام الحق کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی لیکن وہ پرامید ہیں کہ قومی ٹیم نے گزشتہ دو سال کے دوران انضمام الحق کی قیادت میں جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اسے چیمپئنز ٹرافی میں بھی برقرار رکھتے ہوئے فائنل جیتنے کی کوشش کریں گے ۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ بطور کپتان چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کو انضمام الحق کی بہت کمی محسوس ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران وہ بہت ریلیکس ہو کر کھیلتے رہے ہیں اور انضمام الحق کو صرف مشورے دیا کرتے تھے لیکن اب ان کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں یونس خان نے کہاکہ مڈل آرڈر میں بھی انضمام الحق کی عدم موجودگی سے کافی فرق پڑے گا یونس خان نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے اچھا مقابلہ ہوگا دونوں ٹیموں کے پاس اچھے کھلاڑی ہیں لیکن پاکستانی ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین آل راؤنڈ ہیں اگر ان کو صحیح استعمال کیا گیا اور ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلی تو پاکستان سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلے گا ۔

(جاری ہے)

اوپننگ کے مسئلے کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ پاکستان کے چارو ں اوپنرز با صلاحیت ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے میچز میں اوپنرز کی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔ اوول ٹیسٹ کے تنازع کے فیصلے کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ پی سی بی نے تمام معاملے کو خوش اسلوبی سے ہینڈل کیا ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ پاکستانی ٹیم بال ٹمپرنگ کے الزام سے ہمیشہ کیلئے کلیئر ہوگئی ہے یونس خان نے کہا کہ 2003ء ورلڈ کپ کے بعد انضمام الحق کو نوجوان کھلاڑیو ں پر مشتمل ٹیم ملی تھی اور انہوں نے ٹیم کو وننگ کمبی نیشن میں تبدیل کیا یونس خان نے کہاکہ اگر تمام لڑکے اسی طرح سو فیصد پرفارم کریں گے تو پاکستان یہ ٹورنامنٹ باآ سانی جیت سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :