ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جانب سے ایٹمی پھیلائو کے معاملے کاباب اب بند ہوگیا، امریکی سفیر

منگل 3 اکتوبر 2006 13:58

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جانب سے ایٹمی پھیلائو کے معاملے کاباب اب بند ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03اکتوبر2006) پاکستان میں‌متعین امریکی سفیر ریان سی کروکر نے کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے واشنگٹن میں‌امریکی صدر سے ملاقات میں‌آئندہ سال صاف شفاف عام انتخابات کرانے کی یقین دھانی کرائی ہے۔یہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ریان سی کروکر نے کہا کہ جمہوری عمل کیلئے صاف شفاف انتخابات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے علم ہونے پر ڈاکٹر قدیر نیٹ ورک کیخلاف فوری کارروائی کی اور اب یہ نیٹ ورک ختم ہوچکا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ ماضی میں یہ نیٹ ورک کیا کرتا رہا ہے اور شمالی کوریا اور ایران کے حوالے اس کے کیا معاملات تھے۔امریکی سفیر نے کہا کہ صدر پرویز مشرف نے صدر بش سے ملاقات میں‌شمالی وزیرستان میں‌قبائلیوں‌سے ہونے والے معاہدے کے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔

(جاری ہے)

ریان سی کروکر کے مطابق یہ معاہدہ طالبان کیخلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کی حکومتیں طالبنائزیشن کیخلاف مؤقف سے پیچھے ہٹیں گی تو طالبان کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر پرویز مشرف، امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور افغان صدر حامد کرزئی کے درمیان مشترکہ ملاقات میں کئی امور پر اتفاق کیا گیا۔انہوں‌نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں‌مضبوط تعلقات ہیں۔ جبکہ دونوں‌ملکوں‌کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔