اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے‘ پاکستان۔۔ سلامتی کونسل نے متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کے آئینی حق خودارادیت کو تسلیم کررکھا ہے‘ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے

جمعرات 5 اکتوبر 2006 12:09

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے‘ پاکستان۔۔ ..
اقوام متحدہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کشمیری عوام گزشتہ نصف صدی سے اپنے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل حل کرنے کے لئے کوششیں کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے عاصم افتخار نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں سیاسی تنازعات کے حوالے سے قائم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متعدد قرار دادوں میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا ایسا حل ہونا چاہئے جو پاکستان بھارت اور کشمیریوں کے لئے قابل قبول ہو ۔ پاکستان اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کیلئے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات میں مصروف ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہوانا میں صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیراعظم من موہن سنگھ کے درمیان ہونے والی ملاقات اس مسئلہ کے حل کی طرف اہم پیش رفت ثآبت ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو اس دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے اپنا غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ نصف صدی سے التواء کا شکار یہ مسئلہ حل ہوسکے۔