برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس نے بھی پاکستانی نژاد برطانوی شہری مرزا طاہر کی سزائےموت معطل کرنے کی اپیل کردی۔۔۔ وزیر اعظم شوکت عزیز کو خط

جمعرات 19 اکتوبر 2006 13:16

برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس نے بھی پاکستانی نژاد برطانوی شہری مرزا ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19اکتوبر2006) برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلئیر کے بعد برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس نے بھی پاکستانی نژاد برطانوی شہری مرزاطاہر کی سزائے موت ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق مرزا طاہر کو معاف کرنے کے سلسلے میں شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم شوکت عزیز کو ایک خط بھی لکھا ہے۔اس سے پہلےبرطانوی دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں صدر پرویز مشرف سے بات ہوئی ہےاور اس مرحلے پربھی انہیں امید ہے کہ پھانسی کی سزاپر عمل نہیں ہوگا۔

راولپنڈی کی ایک عدالت نے مرزا طاہر کی رحم کی تمام اپیلیں مسترد ہونے کے بعد یکم نومبر کو سزائے موت پر عملدرآمد کے احکام جاری کئے ہیں ۔پاکستانی نژاد مرزا طاہر کے خلاف مقامی تھانے میں ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر ضلعی عدالت نے اسے سزائے موت کا حکم سنایا ۔

(جاری ہے)

یہ قتل انیس سواٹھاسی میں‌ہوا تھا۔ مرزا طاہر کے ورثاء نے مقتول ٹیکسی ڈرائیور کے لواحقین سے معافی اور صدر سے رحم کی درخواست کی جو کہ مسترد کر دی گئی اور حکام نے یکم نومبر کی صبح مرزا طاہر کی سزائے موت پر عملدرآمد کرنے کے احکام جاری کئے ہیں ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ایک سینیئر پاکستانی افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اس ماہ مرزا طاہر کی سزائے موت موخر کردیں گے تاکہ قصاص ادا کرکے اس معاملے کو ختم کرنے کی ایک اور کوشش کی جاسکے۔ واضح‌رہے کہ برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اپنی اہلیہ کمیلا پارکر کے ہمراہ اس ماہ کی انتیس تاریخ سے پاکستان کا دورہ کریں‌گے۔برطانیہ میں کچھ حلقوں کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اگر مرزا طاہر حسین کی سزائے موت نہ روکی جائے تو شہزادہ چارلس کا دورہ منسوخ کر دیا جائے۔