سکھر،ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 15 ہوگئی

جمعہ 27 اکتوبر 2006 20:00

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اکتوبر۔2006ء) روہڑی بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے جن میں سے تیرہ افراد کو سکھر میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزستہ روز روہڑی بائی پاس پر زائرین سے بھری بس کھائی میں گرنے سے تیرہ افراد موقع پر جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

دو شدید زخمیوں نے جمعہ کو چانڈکامیڈیکل ہسپتال لاڑکانہ میں دم توڑ دیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد پندرہ ہوگئی ان میں سے نو افراد آپس میں رشتے دار تھے جن کا تعلق سکھر سائٹ ایریا سے متصل لغاری گوٹھ سے تھا۔

جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے موقع پر گوٹھ میں سوگ کا سماں رہا اور تمام دکانیں اور بازار بند رہے۔ مرحومین کی اجتماعی نماز جنازہ رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ‘ نثار پنہور‘ سینیٹر محمد علی بروہی‘ تعلقہ ناظم سکھر نعیم صدیقی اور تعلقہ ناظم روہڑی اسلم شیخ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعد میں انہیں بہاول شاہ بخاری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ باقی چار افراد کو سکھر کے دیگر قبرستانوں میں سپرد خاک کیا گیا۔