مجلس عمل آئندہ انتخابات میں ختم ہوجائے گی۔۔ آئندہ انتخابات میں اپنے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے‘ بلوچستان میں آپریشن میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے،بھارت کا پاکستانی سفارتخانے کے ملازم کو ملک چھوڑنے کا حکم افسوسناک ہے۔ ۔شیرپاؤ

جمعہ 27 اکتوبر 2006 12:11

مجلس عمل آئندہ انتخابات میں ختم ہوجائے گی۔۔ آئندہ انتخابات میں اپنے ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہم اپنی پارٹی کے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے‘ سرحد کو واپڈا کے بقایاجات میں ادائیگی کا سہرا صدر مشرف کے سر ہے‘ ایم ایم اے آئندہ الیکشن میں ختم ہوجائے گی ‘ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے‘ بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا ہے تاہم قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا‘ بھارت کا پاکستانی سفارتخانے کے ملازم کو ملک چھوڑنے کا حکم افسوسناک ہے اس سے تعلقات کو مثالی بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلاچی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مخدوم مرید کاظم‘ مخدوم الطاف حسین‘ سردار اکرام الله خان گنڈہ پور بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کلاچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ صدر مشرف کے اقدامات سے پاکستان کی تیس سالہ سیاست میں حیرت انگیز تبدیلی آئی ہے ان طاقتوں کو شکست ہوگئی ہے رٹ آف سٹیٹ کو چیلنج کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تاحال بدامنی ہے اور طالبان کھلم کھلا اس کا اعلان کرتے ہیں ا مگر اس کے باوجود بھی افغانستان پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے اور پاکستان اس وقت خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ہم تعلقات مثالی بنانا چہتے ہیں اور اس کے لئے صدر مشرف کے اقدامات قابل تحسین ہیں مگر چند طاقتیں اس عمل کو جاری رکھنے کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں امن و امان قائم ہوگیا ہے وہاں حکومت کی عمل داری قائم ہے ادھر بلوچستان میں کسی بھی آپریشن کو جاری نہیں رکھا ہوا ہے چند فراری کیمپوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور دیگر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جن عناصر نے تخریبی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ان کو کبھی بھی معاف نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور ہر حالت میں الیکشن ہوگا انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہم بھرپور حصہ لیں گے۔