کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آزاد‘ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا گیا،احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں‘ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ،بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند کردے‘ مقررین کا خطاب‘ متعدد مذمتی قراردادیں منطور

جمعہ 27 اکتوبر 2006 15:36

کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آزاد‘ مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر ..
مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2006) کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آزاد اور مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور نہتے شہریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ منایا‘ دن کی مناسبت سے احتجاجی جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں جس کے دوران بھارت کی جانب سے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی مذمت کی گئی ۔

اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفر آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے علاوہ سید مرتضیٰ گیلانی ملک محمد عرفان حریت کانفرنس کے نمائندہ سلیم وانی نے خطاب کیا وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور مقبوضہ کشمیر سے اپنا ناجائز تسلط ختم کرکے اپنے دامن سے 27 اکتوبر کا وہ بدترین داغ مٹانا چاہئے جس سے کشمیریوں کے حقوق اور ان کی سرزمین پر قبضہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج غیور اور نڈر کشمیری عوام کا جذبہ سرد نہیں کرسکتی بھارت کو نو کنال کے تجربے سے یہ سبق سیکھنا چاہئے۔

(جاری ہے)

احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 59 سال سے آج کے دن بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ تسلط اور قبضہ پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جعلی قرارداد کے ذریعے ناجائز اور غاصبانہ فوجی تسلط قائم کیا ہوا ہے جسے کشمیریوں نے کبھی قبول نہیں کیا اور گزشتہ 59 سالوں سے اس جابرانہ تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں مقررین نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی طرف سے جدوجہد آزادی کے لئے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر قراردادوں کے ذریعے اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ حالیہ پاک بھارت امن امن کو کامیاب بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جانی چاہئے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں ایک اور قرارداد کے ذریعے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ اور غیر قانونی اور جعلی تسلط فوری ختم کرکے کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق مسئلہ کو حل کرنے کا اختیار دے۔