سانگھڑ، کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کی 3خواتین سمیت 3 بچے ڈوب کر ہلاک،2 کو بچالیا گیا

ہفتہ 4 نومبر 2006 23:37

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4نومبر۔2006ء) سانگھڑ کے قریب رانٹو کینال میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کی 3خواتین سمیت 3 بچے ڈوب کر ہلاک،2 کو بچالیا گیا۔ غوطہ خوروں نے لاشوں کی تلاش شروع کردی۔ اطلاعات کے مطابق سانگھڑ سے 40 کلومیٹر دور رانٹو کینال پر شام 5 بجے کے قریب واڈ کی گاؤں کے باشندے کشتی کے ذریعے اپنے گاؤں ملیر خان شر سے کپاس کی چنائی کے بعد واپس جا رہے تھے جس میں ایک ہی خاندان کے 36 سالہ بصراں زوجہ عرس شر، 35 سالہ رحیمہ زوجہ نواب شر، 10 سالہ وسندی بنت باروچو شر، 7 سالہ بھاگ بھری بنت پریل شر، 20 سالہ سانونی بنت عیسیٰ شر، لیلاں بنت شریف شر ہلاک جبکہ کشتی چلانے والے ناخدا دین ملاح نے کوشش کرکے 5 سالہ علی خان شر ولد عرس شر ، 8 سالہ سہراب ولد سہراب شر کو بچالیا۔

دوسری جانب اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سانگھڑ عابد قائم خانی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے لاشوں کی تلاش شروع کردی۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ سانگھڑ کے رہنما کمال الدین شر، یوسی نائب ناظم سکندر آباد غلام مرتضیٰ شر، مختلف گاؤں کے سینکڑوں افراد پہنچ گئے غوطہ خور نے لاشوں کی تلاش شروع کردی ہے اس واقعہ پر ضلع ناظم سانگھڑ حاجی خدا بخش راجڑ نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی مدد اور لاشوں کو نکالنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں گی ڈی سی او سانگھڑ سجاد حسین عباسی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ محکمہ آبپاشی کے عملے نے غوطہ خوروں کو جائے حادثہ پر روانہ کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :