آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فائنل،آسٹریلیا 139کے ہدف میں 45رنز پر 2وکٹیں گنوا بیٹھا

اتوار 5 نومبر 2006 17:44

آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فائنل،آسٹریلیا 139کے ہدف میں 45رنز پر 2وکٹیں گنوا ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5نومبر۔2006ء) ممبئی کے بریبورن اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے ایک سو اڑتیس کے جواب میں دو وکٹوں پرپینتالیس رن بنائے ہیں۔ اس وقت ڈیمین مارٹن اور شین واٹسن کھیل رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اکتیسویں اوور میں 138 رن بنا کر آوٴٹ ہو گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شِو نرائن چندرپال اٹھارہ گیندوں پر ستائیس اور کرس گیل سینتیس رن بنا کر بریکن کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ ساروان کو بھی بریکن نے آوٴٹ کیا۔ مکگراتھ اور شین واٹسن نے دو دو کھلاڑی آوٴٹ کیے ۔ آئی سی سی ٹرافی کے لیے آسٹریلیا کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کو آئی سی سی میں حصہ لینے کے لیے کوالیفائنگ راوٴنڈ کھیلنا پڑا تھا اور اس لیے ان کا فائنل میں پہنچنا کسی حد تک غیر متوقع تھا۔

(جاری ہے)

تاہم یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے راوٴنڈ میچ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ہرا دیا تھا۔ دو سال قبل انگلینڈ میں اوول کے میدان میں ویسٹ انڈیز نے چیمپئینز ٹرافی جیتی تھی۔ اس لیے بھی کپتان برائن لارا کے میچ سے پہلے حوصلے بلند تھے ۔انڈیا اور جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد فائنل میں پہنچنے والی ویسٹ انڈیز کو کرس گیل سے کافی امیدیں تھیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے اب تک ڈیمین مارٹن اور گلین مکگراتھ ٹورنامنٹ میں کا کامیاب کھلاڑی رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کرِس گیل نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور اس سے پہلے انگلینڈ کے خلاف میچ میں سنچریاں بنائی تھیں۔ گیل آئی سی سی میں سات میچوں میں چار سو سینتیس رن بنانے کے علاوہ آٹھ وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :