پاکستان میں سیلولر نیٹ ورک کی توسیع کیلئے مزید 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگے ۔نگیب سوائرس

منگل 7 نومبر 2006 14:50

پاکستان میں سیلولر نیٹ ورک کی توسیع کیلئے مزید 500 ملین ڈالر کی سرمایہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07نومبر2006 ) اورسکام ٹیلی کام اور موبی لنک کے چیئرمین نگیب سوائرس نے پاکستان میں سیلولر کمپنی کے صارفین کی تعداد دو کروڑ ہوجانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی سیلولر نیٹ ورک کی توسیع کے لئے رواں سال مزید پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس طرح پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر میں ہماری سرمایہ کاری اڑھائی ارب ڈالر سے بڑھ جائے گی جبکہ موبی لنک کے صارفین کی تعداد دو کروڑ ہونا اس کی عوام میں مقبولیت کا ثبوت ہے ‘ خطے کی معاشی‘ سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے پاک بھارت تعلقات کا بہتر ہونا لازمی ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو موبی لنک کے دو کروڑ صارفین مکمل ہونے پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موبی لنک کے صدر زہیر اے خالق بھی موجود تھے۔ اورسکام ٹیل کام اور موبی لنک کے چیئرمین نگیب سوائرس نے صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز کو مبارکباد پیش کی جن کی کوششوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک سنہری دور پروان چڑھا اور ساتھ ہی انہوں نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ٹیلی کمیونی کیشن اویس احمد لغاری اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیئرمین میج رجنرل (ر) شہزادہ عالم ملک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے حصول کو کمیونیکیشن کے شعبے میں ممکن بنانے میں ہر ممکن اقدامات کئے انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کا بھی بے حد ممنون ہوں جنہوں نے کمپنی کی جدید خدمات پر بھروسہ اور اعتماد کرتے ہوئے تعاون کیا اور ساتھ ہی کمپنی میں اپنی خدمات فراہم کرنے والے افراد اور عملے کا بھی شکر گزار ہوں جن کی بہترین اور اعلیٰ کارکردگی کے عوض آج کمپنی اس مقام پر موجود ہے انہوں نے کمپنی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ سال جب میں نے دورہ پاکستان کیا تو اس وقت کمپنی اپنے دس ملین صارفین مکمل ہونے کا جشن منا رہی تھی مگر کمپنی کی بہترین خدمات کی بدولت اس نے اپنے گزشتہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالے اور ایک سال سے کم عرصے یعنی صرف تین سو دنوں میں کمپنی نے دس ملین صارفین کی تعداد کو دگنا کردکھایا ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر ٹیلی کام اور ذرائع ابلاغ میں اپنی خدمات فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی انفارما ٹیلی کام اور میڈیایو کے نے اپنی رپورٹ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام کے شعبے میں پاکستان ایشیاء کے خطے میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ چائنا اور بھارت پاکستان کے مقابلے میں زیادہ آبادی والے ممالک ہیں جون 2006ء تک مشرق وسطیٰ‘ افریقہ اور جنوبی ایشیاء کی سات مارکیٹس میں 41ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کررہا ہے انہوں نیکمپنی کی جانب سے ترقی کے حصول کے لئے کئے گئے اقدامات اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد پر بھی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ انفارما ٹیلی کام اور میڈیا یو کے کی 2006ء کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اوریسکام ٹیلی کام دنیا کی دوسری بڑی تیزی سے پھیلتی ہوئی کمپنی ہے جس نے اس سال 140 فیصد سے زائد ترقی کی ہے جس میں سب سے زیادہ ترقی ٹیلی کام کے شعبے میں حاصل ہوئی ہے اور س کا سہرا موبی لنک کو جاتا ہے جس کا نیٹ ورک اس وقت ٹیلی کام کمپنیز میں سب سے زیادہ وسیع ہے اور جس میں سرمایہ کاری کے مزید امکانات روشن ہیں انہوں نے کہا کہ موبی لنک پاکستان کے تقریباً بارہ سو سے زائد شہریوں قصبوں اور دیہی علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کررہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال نیٹ ورک کی توسیع کے لئے مزید پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور خطے میں امن کے قیام اور عوام کی معاشی اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے پاک بھارت تعلقات میں بہتری از حد ضروری ہے اور مسلمان اس پر یقین رکھتے ہیں۔

اس موقع پر موبی لنک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر زہیر اے خالق نے کمپنی کو ترقی کی راہ پر ایک اور سنگ میل طے کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کمپنی کی جانب سے ٹیلی کام کے شعبے کو ایک نئے انداز سے فروغ دینے کے عمل کا عزم اپنی تکمیل پر ہے اور اب ہم اپنے صارفین جو کہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھتے ہیں کہ زندگیوں میں جدت اور تشکیل نو کے خواہاں ہیں جس کے لئے ادارہ اپنی سماجی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے انہوں نے کہا ک ادارے اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی بہترین خدمات فراہم کرنے اور اپنے بیس ملین صارفین کی تعداد کو مزید بڑھانے اور جدید سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی بدولت آج ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے اور بالخصوص موبی لنک نے ترقی کی راہ پر ایک اور سنگ میل کو عبور کیا اور انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ آج کمپنی اپنے مقررہ وقت سے بھی پہلے حاصل ہونے والے نتائج کی تکمیل کے بعد اب اپنے ایک نئے عزم جس کا مقصد لوگوں کی تشکیل نو کرنا یا ان کی زندگی میں ایک بہتر تبدیلی لانا مقصود ہے پر عمل کرنے کا اعلان کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :