ایک لاکھ 30 ہزارسے زائد افغان مہاجرین نے رجسٹریشن کرا لی۔ یو این ایچ سی آر

منگل 7 نومبر 2006 19:16

ایک لاکھ 30 ہزارسے زائد افغان مہاجرین نے رجسٹریشن کرا لی۔ یو این ایچ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07نومبر2006 ) اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افغان مہاجرین نے رجرسٹریشن کرالی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریٹن کا مقصد شناخت نامہ ہے اورافغان مہاجرین کو زبردستی پاکستان سے نہیں نکالا جائے گا۔ اسلام آباد میں قائم ایچ الیون کے رجسٹریشن سینٹر میں یو این ایچ سی آر کی کنٹری ہیڈ گینٹ کرسٹوس، وزارت سیفران کے سیکرٹری اورنادرا کے حکام نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ 15 اکتوبر سے شروع کئے گئے 10 ہفتوں پر مشتمل رجسٹریشن عمل کیلئے ملک بھر میں 100 سے زائدسنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

ابتدا میں ڈی پورٹ کئے جانے کے خدشے کے پیش نظر افغان مہاجرین رجسٹریشن کرانے سے گریاں تھے تاہم کارڈز کو بطور شناخت نامہ اور تحفظ کیلئے استعمال ہونے کی یقین دہانی پر اب بڑی تعداد میں افغان مہاجرین رجسٹریشن کرا رہے ہیں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار افغان رجسٹر ہو چکے ہیں جس میں پنجاب سے 18 ہزار، سرحد سے 65، سندھ سے 15 ہزار، بلوچستان سے 30 ہزار اور آزاد جموں کشمیر سے اڑھائی ہزارافغانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے ایک فرد نہیں بلکہ پوری فیملی کا آنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرحد اوربلوچستان میں رجسٹریشن کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم خواتین کی رجسٹریشن کیلئے سنٹرز پر لیڈیز عملہ تعینات کنے سے اس مسئلے پر قابو پا لیا گیا ہے۔