درگئی‘ پنجاب رجمنٹ کے تربیتی مرکز کے باہر خودکش دھماکہ‘ 42 فوجی جاں بحق‘ 20 زخمی،زخمی ہونیوالے افراد سی ایم ایچ مردان منتقل‘ دھماکے میں دونوں خودکش حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے‘ تحصیل ناظم حاجی فدا محمد، دھماکے کے بعد علاقے میں سخت سکیورٹی‘ درگئی قلعے کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے

بدھ 8 نومبر 2006 12:10

درگئی‘ پنجاب رجمنٹ کے تربیتی مرکز کے باہر خودکش دھماکہ‘ 42 فوجی جاں ..
ملاکنڈ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین08نومبر2006 ) صوبہ سرحد کے علاقے ملاکنڈ میں درگئی قلعہ میں پنجاب رجمنٹ کے ٹریننگ سنٹر کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں بتالیس فوجی جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ درگئی ایجنسی کے تحصیل ناظم فدا محمد کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح 8:30 بجے پیش آیا۔ جب دو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے میں دونوں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ ابھی تک فوجی حکام نے ہلاکتوں کی تعدادکے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات فراہم نہیں کیں۔ تاہم دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ مردان منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ فوجی علاقے میں ہوا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد قلعے کی جانب جانیوالے تمام راستے بند کردیئے گئے اور کسی کو آگے نہیں جانے دیا جارہا۔

دریں اثنا صدر پرویز مشرف نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام حساس اداروں کو اس کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔حکومتی ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اس واقعہ کے حوالے سے دستیاب معلومات پیش کی ہیں اور واضح کیا ہے کہ اگر باجوڑ میں مبینہ تربیتی مرکز تباہ نہ کیا جاتا تو اس قسم کے واقعات بڑے پیمانے پر ہوسکتے تھے۔

صدر مشرف نے تمام حساس اداروں کو ملزمان کی گرفتاری اور پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے حکم دیا ہے ۔صدر نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کررکھا ہے اور وہ اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ صدر نے گزشتہ روز 99ویں کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں بھی اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس کا ہر قیمت پر مکمل خاتمہ کیا جائے گا