جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے جدید سیکورٹی فیچرز پر مبنی نوٹ جاری کئے جارہے ہیں ، گورنر اسٹیٹ بینک،کل سے نئے نوٹ بینکوں و مالیاتی اداروں کو جاری کردیئے جائینگے، 100 اور 500 روپے کے نئے نوٹ 6 کروڑ کی تعداد میں چھاپے گئے ہیں، ڈاکٹر شمشاد اختر کا نئے نوٹوں کی تقریب رونمائی سے خطاب

جمعہ 10 نومبر 2006 15:08

جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے جدید سیکورٹی فیچرز پر مبنی نوٹ جاری کئے ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10نومبر2006 ) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لئے جدید سیکورٹی فیچرز پر مبنی نوٹ جاری کئے جارہے ہیں جبکہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لئے وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز نے خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو مرکزی بینک میں 100 روپے اور 500 روپے کے نئے ڈیزائن والے نوٹوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران بتائی۔

اس موقع پر لیاقت درانی، منصور الرحمان اور حسن اقبال بھی موجود تھے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان مذکورہ ٹاسک فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی مدد سے جعلی نوٹوں کی چھپائی اور ان کی تقسیم کی عملی روک تھام کے لئے مضبوط اقدامات کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 100 روپے اور 500 روپے کے نئے نوٹ 6 کروڑ کی تعداد میں چھاپے گئے ہیں اور ہفتہ 11 نومبر سے یہ نوٹ بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر سے بینکوں و مالیاتی اداروں کو جاری کردیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے سال 2007ء کے آغاز تک دیگر تمام کرنسی نوٹ بھی تبدیل کردیئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ جو نوٹ خراب ہوجاتے ہیں کمرشل بینکوں کے ذریعے وہ واپس لے لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نوٹ ایک اندازے کے مطابق کم از کم 3 سل تک چل سکتے ہیں اور ان کی مدت 5 سال بھی ہوسکتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نئے نوٹ کی چھپائی کی لاگت میں بمشکل 10 فیصد اضافہ ہوا ہے اور نئے فیچرز ڈالنے کے باوجود چھپائی کی لاگت نہیں بڑھنے دی ہے۔

متعلقہ عنوان :