پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پرمذاکرات کل نئی دہلی میں شروع ہوں گے،پاکستان کشمیر جبکہ بھارت انسداد دہشت گردی پر زور دے گا

اتوار 12 نومبر 2006 17:27

پاکستانی سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان پریس کانفرنس کے دوران اپنے دورہ ..
پاکستانی سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان پریس کانفرنس کے دوران اپنے دورہ بھارت کی تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں
اسلام آباد+نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12نومبر2006 ) پاکستان اوربھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات کل نئی دہلی میں شروع ہوں گے، مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان جبکہ بھارتی وفد کی قیادت بھارتی سیکرٹری خارجہ شیوشنکر مینن کریں گے۔ مذاکرات میں دہشت گردی، تجارت، امن و سلامتی، مسئلہ کشمیر، سیاچن، سرکریک، سیاحت اورانسداد دہشت گردی کے مشترکہ میکنزم پر بات چیت کی جائے گی۔

مذاکرات میں بھارت دہشت گردی کے خاتمہ کو زیادہ اہمیت دے گا اور وہ اس حوالے سے سفارشات اورتجاویز پیش کرے گا۔ بھارتی دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں بھارت دہشت گردی میں ملوث افراد کے بارے میں پاکستان کوثبوت بھی پیش کرے گا جبکہ مذاکرات میں پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل کی ضرورت پر زیادہ زور دے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر صدرجنرل پرویزمشرف اوربھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد شروع کئے گئے تھے۔

اعلان اسلام آباد کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر، سرکریک، سیاچن، ا نسداد دہشت گردی اور تجارت پر مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں ان مذاکرات میں سب سے بڑا فیصلہ سرینگر مظفر آباد بس سروس کا اجرا تھا جو اب بھی جاری ہے تاہم ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ مسئلہ کشمیر پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ہے اوردونوں ملک اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو نئی دہلی میں شروع ہونے والے خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کی پیشرفت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ نئے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات کل منگل سے نئی دہلی میں شروع ہوں گے۔ مذاکرات دو روز تک جاری رہیں گے پاکستانی سیکرٹری خارجہ مذاکرات میں شرکت کیلئے آج پیر کے روزنئی دہلی روانہ ہوں گے۔