دہشت گردوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صدر، وزیراعظم،سانحہ درگئی میں جاں بحق ہونیوالے جوانوں کے ورثاء کو ہر ممکن امداد دی جائیگی، امن و امان اورسیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال

منگل 14 نومبر 2006 20:13

دہشت گردوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صدر، وزیراعظم،سانحہ درگئی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2006ء) صدر جنرل پرویزمشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ دہشت گردوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سانحہ درگئی میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کے ورثاء کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے صدر کو اپنے دورہ امریکہ اور کینیڈا کے بارے میں بریف کیا۔ ملاقات میں تحفظ حقوق خواتین بل اور امن و مان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم شوکت عزیز نے یہاں صدارتی کیمپ آفس میں صدر جنرل پرویزمشرف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے حالیہ دورہ امریکہ اورکینیڈا سے آگاہ کیا جہاں انہوں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کے بارے میں اعلیٰ سطح پینل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے صدر کو امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس اورعالمی مائیکرو کریڈٹ سربراہ کانفرنس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن و امان اورسیاسی صورتحال خصوصاً درگئی میں دہشت گردی کے واقعات میں 42 آرمی ریکروٹس کی شہادت کے واقعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے دہشت گردی کے اس واقعہ پر ا پنے گہرے دکھ اوررنج کااظہار کیا اور دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خاتمے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے درگئی کے واقعہ میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور یقین دلایا کہ انہیں ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔