عراق‘ بم دھماکوں و تشدد کے دیگر واقعات میں 6 امریکی فوجیوں سمیت 36 افراد ہلاک، درجنوں زخمی،عراقی و امریکی افواج کا القاعدہ کے اہم رکن سمیت 19 تخریب کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

بدھ 15 نومبر 2006 13:04

عراق‘ بم دھماکوں و تشدد کے دیگر واقعات میں 6 امریکی فوجیوں سمیت 36 افراد ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2006ء) عراق میں بم دھماکوں و تشدد کے دیگر واقعات میں 6 امریکی فوجیوں سمیت 36 افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔ جبکہ عراق کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن نے کہا ہے کہ جب تک تمام مغویوں کو رہا نہیں کرایا جاتا وہ حکومتی امور انجام نہیں دیں گے۔ بغداد میں عراقی حکام کے مطابق بارہ افراد وسطی بغداد میں وزارت داخلہ کے قریب واقع پٹرول پمپ پر کار بم دھماکے میں ہلاک ہوئے تین افراد کو بغداد کے جنوبی ضلع دورا میں خود کش کار بم حملے میں ہلاک کیا گیا۔

مغربی ضلع یرموک میں پٹرول پمپ کے منیجر اور سٹی کونسل کے اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ موصل میں ایک مقامی اخبار میں کام کرنے والی خاتون صحافی اور ان کے ڈرائیور کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ اپنے دفتر جا رہی تھیں۔

(جاری ہے)

موصل میں اس ہفتے ہلاک کی جانے والی یہ دوسری صحافی ہیں۔ بعقوبہ میں بھی دو شہریوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ جبکہ کرکوک میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔

پولیس کو بغداد کے جنوبی علاقے لطیفیہ سے دس افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے اغواء کیا گیا تھا۔ بغداد میں امریکی فوجی بیان کے مطابق تین امریکی فوجی اور تین میرینز صوبہ انبار میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے۔ دوسری طرف ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترجمان بسیل الخطیب نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اغواء کئے گئے اہلکاروں میں سے 80 کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ ہائر ایجوکیشن کے وزیر نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک کابینہ میں حاضری اور دیگر حکومتی امور انجام نہیں دیں گے جب تک تمام مغویوں کو رہا نہیں کرا لیا جاتا۔

عراق میں سرکاری اور امریکی فوج نے القاعدہ کے ایک اہم رکن سمیت 19 تخریب کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالکریم خلف نے بتایا کہ عراقی فوج اور امریکی فضائیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوران گزشتہ رات بغداد کے جنوبی علاقے عرب جبور سے عیدالل الجبوری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ الجبوری عراق میں القاعدہ کے خطرناک ارکان میں سے ایک ہے۔ دوسری طرف امریکی فوجیی بیان میں اٹھاروہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان افراد کو بغداد کے شمال اور صوبہ الانبار میں مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔