حزب اللہ نے لبنانی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں بیروت میں پانچ سو دھرنا کیمپ قائم کردیے،، امریکا اور مصر سمیت یورپی ممالک کی جانب سے وزیر اعظم فواد سینیورہ کی حمایت کا اعلان

اتوار 3 دسمبر 2006 19:04

حزب اللہ نے لبنانی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں بیروت میں ..
بیروت (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03دسمبر2006 ) حزب اللہ کی جانب سے لبنانی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں دارالحکومت بیروت میں تیسرےروز بھی لاکھوں‌افراد نے احتجاج کیا، اور شہر بھر میں پانچ سو دھرنا کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔جبکہ اٹلی ، جرمنی، برطانیہ ،فرانس، امریکا اور مصر نے وزیر اعظم فواد سینیورہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔بیروت کی سڑکوں‌پر تیسرے روز بھی لاکھوں افراد نے حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہروٴں‌کی قیادت حزب اللہ اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتیں‌کر رہی ہیں۔ دوسری جانب لبنان کے وزیر اعظم فواد سینیورہ نے بیروت میں لبنانی کابینہ میں شامل عیسائی وزرا ء کے لئے منعقد خصوصی دعائیہ تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کی جانب سے حکومتی دفاتر کے گھیرائو کا اقدام ان کے لئے پریشان کن نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ مظاہرہ کرنااپوزیشن کا حق ہے او ر وہ ان کے جذبات کا احترا م کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

فواد سینیورہ کا کہنا تھا کہ لبنانی عوام کی اکثریت ان کی حکومت کے ساتھ ہے ۔ ادھربیروت میں برطانوی وزیر خارجہ نے فواد سینیورا سے ایک گھنٹے ملاقات کی ہے جس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہاکہ لبنان کے دورے کامقصد فوا د سیینورہ کی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عوامی ووٹ کے ذریعے منتخب ہوئی ہے اس لئے عالمی برادری کو اس کی حمایت کرنی چاہئے۔

دوسری جانب اسرائیل نے خبر دار کیا ہے کہ لبنان میں فواد سینیورہ کی حکو مت کے خاتمے کا اقدام جنگ کا باعث بن سکتا ہے ۔مقبوضہ بیت المقد س میں کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرا عظم ایہود اولمرٹ نے کہاکہ لبنان میں استحکام اسرائیل کے لئے اہم ہے اور وہ لبنانی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف تنظیم سے بخوبی واقف ہیں ۔جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع عامر پیریٹز کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کولبنان کے حالات پر باریک بینی سے نظر رکھنے کا حکم دے دیا گیا ہے