تنازع بگلیہار ڈیم،عالمی بنک کے ماہر فیصلہ 12 فروری کو سنائیں گے،ثالث نے متنازعہ ڈیم کی تعمیر ختم کر دینے کی بجائے ڈیزائن میں تبدیلی کی ہدایت کی ہے،رپورٹ

اتوار 3 دسمبر 2006 20:03

تنازع بگلیہار ڈیم،عالمی بنک کے ماہر فیصلہ 12 فروری کو سنائیں گے،ثالث ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3دسمبر۔2006ء) بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر بنائے جانے والے متنازعہ بگلیہار ڈیم پر عالمی بنک کے غیر جانبدار ماہر کا تفصیل فیصلہ 12 فروری کو سنایا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ فیصلہ جو بھی ہوا اس پر دونوں ممالک عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی اشفاق محمود نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غیر جانبدار ماہر کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہوا تھا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا موقف واضح کرنے کیلئے مقدمے کو بہتر انداز میں پیش کیا ہے۔

اشفاق محمود نے کہا کہ غیر جانبدار ماہر ریمنڈ لافٹی 12 فروری کو جنیوا میں بگلیہار ڈیم پر پاکستان اور بھارت کو تفصیلی فیصلے کی کاپی فراہم کریں گے۔ جبکہ بعض اخبارات کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے ثالث ریمنڈ لافٹی نے متنازعہ بگلیہار ڈیم کی تعمیر ختم کر دینے کی بجائے اس کے ڈیزائن میں تین بنیادی تبدیلیوں کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ان تبدیلیوں میں ڈیم کی بلندی ڈیڑھ میٹر کم کرنا،ڈیم کے گرد ایک اعشاریہ دو میٹر کا حفاظتی پشتہ تعمیر کرنا اور ٹربائنیں نصب کرنے کی جگہ کی بلندی تین میٹر تک بڑھانا شامل ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے ثالث نے واشنگٹن میں پاکستان اور بھارتی حکام سے ملاقات میں انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ تاہم بھارتی حکام کے مطابق بگلیہار ڈیم کے ڈیزائن میں تبدیلیوں کے بعد اقتصادی حوالے سے کار آمد نہیں رہے گا یہ اطلاع ہے کہ نئی دہلی چند روز میں یہ فیصلہ کرے گا کہ نئے ڈیزائن کے مطابق ڈیم کی تعمیر کی جائے یا اس منصوبے کو ترک کر دیا جائے۔