لبنان، حکومت مخالف مظاہرے چوتھے روز بھی جاری، احتجاج کے باوجود حکومت نہیں چھوڑوں گا، فواد سینورا

پیر 4 دسمبر 2006 12:12

لبنان، حکومت مخالف مظاہرے چوتھے روز بھی جاری، احتجاج کے باوجود حکومت ..
بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4دسمبر۔2006ء) لبنان میں حکومت مخالف مظاہرے اور دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا جبکہ وزیراعظم فواد سینورا نے کہا ہے کہ احتجاج کے باوجود بھی حکومت نہیں چھوڑیں گے۔ ایک عربی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خاتمے کے لئے جاری مظاہرے اور دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا جس دوران مشتعل مظاہرین نے دکانوں کو آگ لگا دی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ پرتشدد واقعات میں ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاع ملی ہے۔

ادھر لبنانی وزیراعظم فواد سینورا نے خبر دار کیا ہے کہ حزب الله کے مظاہرین نے ان کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حزب الله کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باوجود بھی حکومت نہیں چھوڑیں گے اور حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بیروت کے دورے پر آئے ہوئے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل امر موسیٰ نے وزیراعظم فواد سینورا اور پارلیمنٹ کے سپیکر نبی بیری سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے ملک کو خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے لئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں حزب اختلاف اور حکومت کو مل جل کر کوئی لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :