آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بارش،پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری،زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں معطل،زیادہ تر سڑکیں بند ،متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ،ایبٹ آباد،گلیات اور زیادت کے پہاڑی سلسلوں پر بھی دو سے چار فٹ تک برفباری،بیشتر شہروں میں نظام زندگی متاثر،کئی علاقوں سے ٹریفک حادثات کی اطلاعات،بارشوں کا موجودہ سلسلہ مزید تین دن تک جاری رہے گا،محکمہ موسمیات۔اپ ڈیٹ

پیر 4 دسمبر 2006 15:24

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بارش،پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری،زلزلہ ..
مظفر آباد/پشاور/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4نومبر۔2006ء) راولپنڈی اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑی علاقوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے آزاد کشمیر ایبٹ آباد گلیات زیارت اور سوات کے پہاڑوں پر دو سو چار فٹ تک برف پڑچکی ہے بارشوں اور برفباری کے باعث ملک بھر میں سردی کی لہر میں انتہائی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ کئی پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے بارش کے باعث ملک کے اکثر شہروں سے ٹریفک حادثات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی،اسلام آباد اورآزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا راولپنڈی اسلام آباد میں بارشوں کے نئے سلسلے سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا جبکہ درجہ حرارت کافی درجے نیچے گر گیا ہے بارش کے باعث جڑواں شہروں میں نظام زندگی کافی متاثر ہوگیا ہے جبکہ دفاتر سکولوں اور کالجوں میں حاضری کی تعداد کم رہی دریں اثناء بازاروں میں بھی کم رونق دیکھی گئی تاہم لنڈے اور گرم کپڑوں کے سٹالوں پر کافی گہما گہمی دیکھی جارہی ہے آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر اب تک دو سے چار فٹ تک برف پڑ چکی ہے بارشوں اور برفباری کے باعث متاثرین زلزلہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا جبکہ امدادی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں بارش اور برفباری کے باعث کئی علاقوں میں سڑکیں بند رہیں جس سے امدادی سامان کی ترسیل میں کافی دشواری کا سامنا ہے ادھر صوبہ سرحد کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ سوات ایبٹ آباد اور گلیات کے پہاڑی سلولوں پر برفباری جاری ہے ہزارہ اور سرحد کے دیگر زلزلہ زدہ علاقوں میں بھی متاثرین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بارش کے باعث شہر کے نشیبی حصوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری پریشان رہے بارش کے باعث متعدد تقریبات بھی متاثر ہوئیں بارش کا آغاز ہوتے ہی شہر کے متعدد علاقوں میں شارٹ سرکٹ اور تاریں ٹوٹنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی کراچی کے مختلف مقامات پر زیادہ سے زیادہ پانچ ملی میٹر اور کم سے کم دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت گر کر 18 سے 14 سینٹی گریڈ ہوگیا حیدر آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش کے نتیجے میں سڑکوں پر موٹر سائیکلز پھسلنے سے ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے شہر میں تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے میرپور خاص،لاڑکانہ،دادو اور بدین میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا بلوچستان کے دارالحکومت اور صوبے کے اکثر علاقوں میں ہفتے کے روز سے جاری بارش کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ،چمن پھاٹک،سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث پانی کھڑا ہوگیا سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے گیس کے پریشر میں کمی ہوگئی جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا مکران کوسٹل ہائی وے پر ہنگول ندی کے پل سے ملحقہ سڑک کا ایک حصہ پانی کے ریلے میں بہہ گیا ۔

اسلام آباد لاہور فیصل آباد سرگودھا راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں ڈنگا گلی،چھانگلہ گلی میں ڈیڑھ فٹ سے لے کر دو فٹ تک برف پڑی ج بکہ مری ایبٹ آباد روڈ اور کاغان ناران روڈ برف باری کے باعث ٹریفک کے لئے بند ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور بالائی پہاڑی علاقوں پر برفباری کا یہ سلسلہ مزید تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔