اے آر ڈی کی اتحادی جماعت نے بھی حقوق نسواں بل کے خلاف استعفےٰ کا اعلان کردیا

پیر 4 دسمبر 2006 16:34

اے آر ڈی کی اتحادی جماعت نے بھی حقوق نسواں بل کے خلاف استعفےٰ کا اعلان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4نومبر۔2006ء) مرکزی جمیت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے حقوق نسواں بل کی حمایت میں پیپلز پارٹی کے ووٹ کے بعد اے آر ڈی کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے،اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت حقوق نسواں بل کے ذریعے اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں میں نفاق پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ،انہوں نے کہا کہ مرکزی جمیت علماء پاکستان نے اے آر ڈی کی جماعتوں کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے کہ مرکزی جمعیت علماء پاکستان قومی اسمبلی سے استعفےٰ دے رہی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اے آ ر ڈی کی تمام جماعتیں استعفوں پر متفق ہوجائیں ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حقوق نسواں بل پرحکومت کا ساتھ دیکر میثاق جمہوریت کی دھجیاں بکھیر دی ہیں ،لہذا وہ بھی حقوق نسواں بل کے خلاف مسلم لیگ (ن) اور اے آر ڈی کی دیگر جماعتوں سے ملکر اپنے استعفےٰ اسمبلیوں میں پیش کردیں ،صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قرآن وسنت کے منافی قوانین منظور کرنے والی اسمبلی میں مزید بیٹھنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے