ایم ایم اے سپریم کونسل کا اجلاس، استعفوں پر اختلاف قائم رہا

بدھ 6 دسمبر 2006 21:54

ایم ایم اے سپریم کونسل کا اجلاس، استعفوں پر اختلاف قائم رہا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6دسمبر۔2006ء) متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل اورپارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کے پہلے روز استعفوں کے معاملے پر اختلاف رائے قائم رہا ہے استعفوں کے حوالے سے مزید بات چیت جمعرات کو اجلاس کے دوسرے روز ہو گی ذرائع کے مطابق اجلاس کو سپریم کونسل کے استعفوں کے حوالے سے اصولی فیصلے سے آگاہ کیا گیا اور شرکاء کے استعفے دینے کی حکمت عملی اور وقت کے متعلق ان کی رائے طلب کی گئی تھی اجلاس میں مسئلے پر اختلاف برقرار رہے کئی ممبران استعفوں کے حق میں جبکہ کئی نے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاجی تحریک جاری رکھنے پر زور دیا شرکاء کو جمعیت علمائے اسلام کی شوریٰ کے اجلاس کی کارروائی سے بھی آگاہ کیا جس میں استعفوں کا مسئلہ سر فہرست رہا ہے ۔

جماعت اسلامی کے اراکین پارلیمنٹ کی اکثریت استعفوں کی حامی تھی جبکہ جمعیت علمائے اسلام(ف) اور جمعیت علماء اسلام (شہید) کے ممبران فوری طورپر استعفوں کے حق میں نہ تھے اس مسئلے پر اختلاف کی بدولت فیصلہ کیا گیا جمعرات کو استعفوں کے مسئلے پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جمعیت علماء اسلام (شہید) کے رہنما کراچی سے رکن قومی اسمبلی قاری گل رحمن نے انکشاف کیا ہے کہ سپریم کونسل نے بھی استعفوں کے مسئلے پر اختلاف موجود تھے اور وہ فیصلہ متفقہ نہیں تھا ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا اجلاس قاضی حسین احمد کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا ہے مولانا فضل الرحمن ، لیاقت بلوچ، علامہ ساجد میر، مولانا گل نسیم،حافظ حسین احمد، شاہ عبد العزیز اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی ہے آج جمعرات کو اجلاس کے اختتام پر صحافیوں کو بریفنگ دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :