ملتان ون ڈے ۔۔محمد یوسف ذاتی وجوہات کی بناء پر شرکت نہیں کرسکیں گے ، کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی طلب کرلیا ،زخمی انضمام کی جگہ فیصل اقبال ٹیم میں شامل

پیر 11 دسمبر 2006 23:04

ملتان ون ڈے ۔۔محمد یوسف ذاتی وجوہات کی بناء پر شرکت نہیں کرسکیں گے ، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔11دسمبر 2006ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بدھ کو ملتان میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ کیلئے آل راوٴنڈر شاہد خان آفریدی کو طلب کر لیا ہے جبکہ کپتان انضمام الحق کے زخمی ہونے کے باعث فیصل اقبال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے دوسری جانب سٹار بیٹسمین محمد یوسف بھی ذاتی وجوہات کی بناء پر اس میچ میں حصہ نہیں لیں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملتان کے ایک روزہ میچ کے لئے کرکٹ بورڈ نے شاہد خان آفریدی کو طلب کر لیا ہے۔ پیرکو کراچی میں کھیلے جانے والے پیٹرنزٹرافی کے سلسلہ میں کھیلے گئے میچ میں شاہد آفریدی نے شاندار سنچری اسکور کر کے سلیکٹرزکی توجہ حاصل کرلی ہے ۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹار بیٹسمین محمد یوسف بھی ذاتی وجوہات کی بناء پر ملتان کے ایک روزہ میچ میں شرکت نہیں کریں گے اس لیے متبادل کے طور پر شاہد آفریدی کوطلب کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کپتان انضمام الحق کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں پہلے ہی ایک تبدیلی کی جاچکی ہے اور ان کی جگہ فیصل اقبال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔