چلی حکومت نے پنوشے کی موت کا سوگ سرکاری طور پرمنانے سے انکار کردیا۔ پنوشے کی موت کے بعد ان کے ساتھیوں کو چار فرانسیسی شہریوں کی گمشدگی پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا ، فرانس

پیر 11 دسمبر 2006 23:05

چلی حکومت نے پنوشے کی موت کا سوگ سرکاری طور پرمنانے سے انکار کردیا۔ ..
سانتیاگو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔11دسمبر 2006ء)چلی میں سابق آمر آگستو پنوشے کی موت کا سرکاری طور پرسوگ نہیں منایا جائے گاجبکہ فرانس نے کہا ہے کہ پنوشے کی موت کے بعد بھی ان کے ساتھیوں کو چار فرانسیسی شہریوں کی گمشدگی پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔گذشتہ رات جنرل پنوشے کی موت کی خبر سنتے ہی دارالحکومت سانتیاگو میں ان کے حامی اور مخالفین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق سڑکوں پر جشن کا سماں تھا، لوگ پرچم لہرا رہے تھے اور گیت گا رہے تھے۔

(جاری ہے)

سانتیاگو میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اور پولیس نے لوگو ں کو منتشر کرنے کے لیے پانی اور آنسو گیس پھینکی۔ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب لگ بھگ ایک ہزار مظاہرین نے صدارتی محل کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔پنوشے کے حامی اس اسپتال کے باہر جمع ہوگئے جہاں کل ان کا انتقال ہوا تھا۔صدر مشل بیشلے کی حکومت نے کہا ہے کہ سابق ڈکٹیٹر کی موت کا سرکاری طور پر سوگ نہیں منایا جائے گا۔بیشلے منگل کو پنوشے کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوں گی تاہم ان کی وزیر دفاع شرکت کریں گی۔