موجودہ جاری آپریشن ،نواب بگٹی کی شہادت و سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کا مقصد بلوچ وسائل پر قبضہ کرنا ہے ، عطاء اللہ مینگل

ہفتہ 6 جنوری 2007 21:05

مستونگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری۔2007ء) بزرگ قوم پرست رہنماء سردار عطاء اللہ خان مینگل نے کہا ہے کہ موجودہ جاری آپریشن ،نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کا بنیادی مقصد بلوچ ساحل اور وسائل پر قبضہ کرنا ہے اگر اب بھی بلوچ نے قربانیاں نہیں دی تو تاریخ میں بلوچ کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا حکمرانوں کی جاری بربریت سے بلوچوں کی قومی تحریک کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے اراکین میر عبداللہ جان مینگل، غلام نبی مری، موسیٰ بلوچ اور بی این پی کوئٹہ کے قائم مقام صدرغلام رسول مینگل سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور ملکی و علاقائی مسائل پر گفت و شنید ہوئی ۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرئے ہوئے سردار عطاء خان مینگل نے کہا کہ سوئی ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں جاری آپریشن، نواب اکبر بگٹی کی شہادت، سیاسی کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاری اور بلوچ نوجوانوں کے ماورائے عدالت و آئین قتل اور اغواء کے ذریعے حکمران بلوچ ساحل اور وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن بلوچ قوم ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور انہیں بلوچستان میں منہ کی کھانا پڑے گی۔

بلوچ عوام اپنے مادر وطن ، اپنے قومی تشخض کو زندہ اور سلامت رکھنے کیلئے اور اپنے آپ کو ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رکھے اب بھی اگر بلوچوں نے قربانیاں نہیں دی تو تاریخ میں بلوچوں کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائیگا ۔ حکمرانوں کی جاری بربیت اور نہتے عوام پر ڈائے جانے والے مظالم سے بلوچوں کی قومی تحریک کی وابستگی کو کمزور نہیں کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :