بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے حریت کانفرنس میرواعظ کے وفد سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا

جمعرات 18 جنوری 2007 14:38

بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے حریت کانفرنس میرواعظ کے وفد سے ملاقات ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین18جنوری2007 ) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے حریت کانفرنس میرواعظ کے وفد سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا-اطلاعات کے مطابق دورہ پاکستان سے قبل حریت کانفرنس میرواعظ نے بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کی درخواست کی تھی لیکن بھارتی وزیراعظم کے قریبی ساتھیوں نے کسی دوسری مصروفیت کا بہانہ بنا کر حریت وفد کو ملاقات کی دعوت نہیں دی- جبکہ حریت نے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ دورہ پاکستان سے قبل بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے تاہم حریت رہنماء دہلی میں مذاکرات کی دعوت کا انتظار کرتے رہے لیکن دعوت نامہ نہ ملا جس کے بعد حریت وفد مایوس ہو کر دورہ پاکستان کے لیے تیاریاں کرنے لگا- اطلاعات کے مطابق میرواعظ عمر فاروق دورہ پاکستان سے قبل بدھ اور جمعرات کی شب بیدار رہے انہیں بھارتی وزیراعظم کی طرف سے ملاقات کے دعوت نامے کا انتظار تھا-یاد رہے کہ حریت کانفرنس میرواعظ مولوی عمر فاروق کی سربراہی میں پروفیسر عبدالغنی اور سجاد غنی لون پر مشتمل تین رکنی وفد جمعرات کی شب اسلام آباد پہنچ رہا ہے-