باب وولمر نے انگلش کرکٹ ٹیم کے لئے کوچنگ کرنے کی خواہش ظاہر کردی

پیر 22 جنوری 2007 16:08

باب وولمر نے انگلش کرکٹ ٹیم کے لئے کوچنگ کرنے کی خواہش ظاہر کردی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری۔2007ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے کوچنگ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ ایک برطانوی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں باب وولمر نے کہا کہ مجھے برطانوی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہمیشہ فخر رہا ہے تاہم میں اس ٹیم کی کوچنگ نہیں کرسکا ۔ انہوں نے کہاکہ میں بطور کھلاڑی ا س برطانوی ٹیم کا حصہ تھا جس نے آسٹریلیا کو شکست دی لیکن میری خواہش ہے کہ برطانوی ٹیم کیلئے کوچ کے فرائض سرانجام دوں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 58سالہ باب وولمر کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ رواں سال اپریل میں ورلڈ کپ کے بعد ختم ہوجائیگا اس حوالے سے باب وولمر نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرف سے کی جانے والی پیش کش پر غور کریں گے تاہم اگر برطانوی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دینے کو کہا گیا تو یہ ان کیلئے سب سے زیادہ دلچسپی کی بات ہوگی ۔ واضح رہے کہ برطانوی ٹیم میں کوچ کی آسامی فی الحال خالی نہیں ہے ۔ باب وولمر نے کوچنگ کو اپنی زندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کوچنگ کے فرائض 65سال تک کی عمر تک انجام دے سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :