دورہ پاکستان کامیاب رہا،بھارتی وزیراعظم کیساتھ بھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں،عمر فاروق،مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے تمام کشمیری تنظیموں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے،مجاہدین تحریک آزادی کا اہم حصہ ہیں ان سے بھی مشاورت کی جائے،صد رجنرل پرویز مشرف کی تجاویز نے مسئلہ کشمیر پر بحث کی بنیاد رکھ دی ہے،ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں،صحافیوں سے گفتگو

پیر 29 جنوری 2007 13:41

دورہ پاکستان کامیاب رہا،بھارتی وزیراعظم کیساتھ بھی ملاقات کرنا چاہتے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری۔2007ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا ہمارا مقصد ہے کہ تمام کشمیری تنظیموں کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جائے مجاہدین تحریک آزادی کا اہم حصہ ہیں ان سے بھی بات چیت کی ہے صدر جنرل پرویز مشرف کی تجاویز نے مسئلہ کشمیر پر بحث کی بنیاد رکھ دی ہے بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کرکے اپنی تجاویز دینا چاہتے ہیں ہم ہر طرف سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پاکستان سے واپسی پر گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا عمر فاروق نے کہا کہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا ہے اس دورے کے جو مقاصد تھے وہ بہت حد تک حاصل کرلئے گئے ہیں اس دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام کشمیری تنظیموں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا تھا انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر کی جماعتوں سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئی ہیں جو مفید رہیں انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی گئی جس میں جماعت اسلامی کے سوا تمام تنظیموں نے شرکت کی کانفرنس اور ورکنگ گروپوں کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا یہ رابطہ گروپ ہونگے یہ گروپ ان لوگوں کو مثبت تجاویز دیں گے جو ٹریک ون اور ٹریک ٹو ڈپلومیسی میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ اس چیز کی اشد ضرورت ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری تنظیموں کے کردار کے تعین کیلئے اس کو زمینی شکل دی جائے کشمیری مجاہدین کے ساتھ ملاقات کے بارے سوال کے جواب میں عمر فاروق نے کہا کہ اس دورے کے دوران مجاہدین کے گروپ سے بھی بات چیت ہوئی ہے ہم نے ان کو بھی یہی بتایا ہے کہ کشمیری تنظیموں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے مجاہدین تحریک آزادی کا اہم حصہ ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا صدر جنرل پرویز مشرف کی تجاویز کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمر فاروق نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ان تمام تجاویز کو تسلیم کرلیا جائے صدر جنرل پرویز مشرف کی تجاویز نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بحث کیلئے ایک بنیاد مہیا کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارتی وزیراعظم کے ساتھ بھی ملاقات کرنا چاہتی ہے تاکہ اپنی تجاویز ان تک بھی پہنچا سکیں انہوں نے کہا کہ ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاکہ اس خطے کو تباہی سے بچایا جاسکے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سائیڈ لائن نہیں کیا جاسکتا اس مسئلہ کو جتنا جلدی حل کیا جائے پاکستان اور بھارت کے مفاد میں ہے۔