حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اسلامی تاریخ کا سنہرا باب ہے،صدر مشرف،وزیراعظم شوکت عزیز

پیر 29 جنوری 2007 14:55

حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اسلامی تاریخ کا سنہرا باب ہے،صدر مشرف،وزیراعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اسلامی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ حضرت امام حسین کی زندگی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے یوم عاسور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ آج یوم عاشور ہے یوم حزب و ملال ہے جو درحقیقت جگر گوشہ بتول اور نواسہ رسول کی طرف سے میدان کرب و بلا میں حق و صداقت کے اعلیٰ اصولوں اسلامی و انسانی اقدار کے فروغ اور باطل و غاصبانہ نظریات کے ساتھ ٹکراؤ کے مختصر مگر عظیم الشان معرکہ کی یاد لئے ہوئے ہے جس کی مثال صرف اسلامی تاریخ ہی پیش کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ عظیم انفرادیت کا حامل ہے جس کی روشنی ظلم کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں رہنمائی کرتی رہے گی اور حصول منزل کی طرف ثابت قدمی سے گامزن رہنے والی پاکیزہ روحوں کو بھی منور کرتی رہے گی صدر نے کہا کہ حق و صداقت کی ترویج کیلئے حضرت امام  عالی مقام کی طرف سے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا یہ عمل امت مسلمہ کیلئے بے حد اہمیت کا حامل ہے انہوں نے قیامت تک کیلئے جبر و استبداد سے عہدہ برآمد ہونے کی عملی مثال پیش کی اور حق کے متلاشی مسلمانوں کے اندر جذبہ حریت از سر نو بیدار کیا انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک سید الشہداء کے حضور بہترین عقیدت پیش کرنے کا پروقار طریقہ یہ ہے کہ ہم سب ان کی اپنائی ہوئی اعلیٰ اقدار اور روایات پر خوش دلی سے عمل کریں مصائب کے وقت صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں او راعلیٰ و ارفع اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے عزم و استقلال کے ساتھ رب العالمین کے ارسال کردہ پیغام کی اشاعت و ترویج اور سربلندی کو اپنا مطمع نظر بنائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شوکت عزیز نے کہاہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ گروہی اور فرقہ وارانہ شدت پسندی سے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا وقت کا تقاضا ہے کہ ہم فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکر امن انصاف محبت رواداری اور بھائی چارے کے جذبوں کوعا م کریں۔یوم عاشورہ محرم الحرام1428ھ 2007ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہاہے کہ مسلمانوں کے نزدیک بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین اور آپ کے وفاشعار اہل بیت اور ساتھیوں نے اسلام کی سر بلندی اور حق وانصاف کی بالادستی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں آج کے دل کربلا کے میدان میں اسلامی تاریخ کا وہ منفرد معرکہ پیش آیا جس میں حق وباطل کے درمیان ہمیشہ کے لیے ایک واضح لکیر کھینج دی گئی آپ نے مٹھی بھر ساتھیوں کے ساتھ ظلم اورجبر کی قوتوں کا بڑی بے جگری سے مقابلہ اور اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات اور مصائب کا بڑے صبر واستقامت کے ساتھ منایاگیا حضرت امام حسین کا طرز عمل تاریخ میں اسوی شبیری کہلاتا ہے وزیراعظم نے کہاکہ اختلاف رائے ایک صحت مند معاشرتی زندگی کی علامت ہے لیکن اپنی رائے پراڑتا اور اسے طاقت کے زور پر منوانا اسلامی تعلیمات اوراقدار کے سراسرمنافی ہے تاریخ گواہ ہے کہ گروہی اور فرقہ وارانہ شدت پسندی سے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اسلام کی سربلندی اور مسلم امہ کی بقاء سلامتی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہم حقیقی اسلامی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تنگ نظری فروعی اختلافات اور ہر قسم کی نفرتوں اور تعصبات سے بالاتر ہوکر اپنے درمیان امن انصاف محبت رواداری بھائی چارے اتحاد اور انسانی خدمت کے جذبوں کو عام کریں نبی کریمﷺ اور آپ کے اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کی تعلیمات اور ان کی زندگی کے ہر پہلوؤں کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی ہر مسلمان کو قرآن وسنت کے مطابق زندگی گزارنے اور اسوی شبیری پر چلنے کی طاقت اور توفیق عطافرمائے۔

متعلقہ عنوان :