اسلام آباد ائیرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں فائرنگ اور دستی بم کے حملے کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ، کراچی ائیرپورٹ پر ملٹری پولیس کے دستے تعینات

بدھ 7 فروری 2007 10:30

اسلام آباد ائیرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں فائرنگ اور دستی بم کے حملے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری۔2007ء) اسلام آباد ائیر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں گذشتہ شب فائرنگ اور دستی بم سے حملے کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی کے انتظامات کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے ۔ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر فیاض نے بتایا کہ واقع کے بعد ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اور جناح ٹرمینل کراچی پر ملٹری پولیس نے بھی گشت شروع کردیا ہے جبکہ ائیرپورٹس پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ائیرپورٹس آنے والے مسافروں اور گاڑیوں کی پولیس اور ائیر پورٹ سیکیورٹی فورسز نے سخت چیکنگ شروع کردی ہے اور ائیرپورٹس آنے والے تمام مسافروں کے ٹکٹ اور دیگر دستاویزات چیک کرکے داخلے کی اجازت دی جارہی ہے ، جبکہ ائیرپورٹس کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی خفیہ کیمروں کے ذریعے سخت نگرانی کی جارہی ہے ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ ائیرپورٹ پر صرف سفری دستاویزات رکھنے والے مسافر آئیں اور ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ انکے تحفظ کے یقینی بنایا جاسکے ۔