صدام اور القاعدہ کے درمیان رابطوں بارے مبالغے سے کام لیا گیا،امریکی محکمہ خارجہ کا تحقیقاتی جائزہ

ہفتہ 10 فروری 2007 13:23

صدام اور القاعدہ کے درمیان رابطوں بارے مبالغے سے کام لیا گیا،امریکی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری۔2007ء) امریکی محکمہ خارجہ نے عراق جنگ سے متعلق ایک تحقیقاتی جائزے میں کہا ہے کہ جنگ سے پہلے صدام حسین اور القاعدہ کے درمیان رابطوں کی اطلاعات میں مبالغے سے کام لیا گیا تھا۔ برطانوی ٹی وی کے مطابق محکمہ خارجہ کے تحقیقاتی جائزے میں کہا گیا ہے کہ عراق جنگ سے پہلے سابق عراقی صدر صدام حسین اور القاعدہ کے مابین رابطوں بارے مبالغے سے کام لیا گیا اور بش انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نائب وزیر دفاع ڈگلس فیتھ نے جو رپورٹس پیش کی تھیں ان میں بعض غیر مناسب تھیں۔

(جاری ہے)

ٹی وی کے مطابق فیتھ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسی تفصیلات پیش کیں جو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی عام رائے سے متضاد تھیں۔ جن میں سے ایک یہ تھی کہ ستمبر کے حملوں کے لیڈر محمد عطا نے پراگ میں عراق کے خفیہ محکمے کے حکام سے ملاقات کی تھی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے اور ایف بی آئی دونوں کو اس ملاقات کے بارے میں شبہ تھا اور اب ان اداروں کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات کبھی ہوئی ہی نہیں۔ فیتھ نے جو دو سال پہلے مستعفی ہوئے تھے کہا ہے کہ ان کو یہ کام دیا گیا تھا کہ وہ ایسی رپورٹس پیش کریں جو سی آئی اے کی پیش کردہ اطلاعات سے مختلف ہوں۔