کشمیر پاکستان کا حصہ ہے نہ بھارت کا،چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں،علی گیلانی،پاکستان کے حکمرانوں کی پرواہ نہیں،99فیصد پاکستانی ہمارے ساتھ ہیں،حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے،عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 10 فروری 2007 13:24

کشمیر پاکستان کا حصہ ہے نہ بھارت کا،چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کو تیار ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری۔2007ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت کانفرنس کی چیئرمین شپ سے مشروط طور پر دستبرداری کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ تمام جماعتیں حق خود ارادیت کے نعرے پر جمع ہوجائیں تو چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں،کشمیر نہ پاکستان کا حصہ ہے اور نہ بھارت کا کشمیر کشمیریوں کا ہے،کشمیریوں پر کوئی فیصلہ ٹھونسنے کی کوشش کی گئی تو اس کو قبول نہیں کیا جائے گا،حق خود ارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے،پاکستان کے حکمرانوں کی پرواہ نہیں،99 فیصد پاکستانی ہمارے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمر فاروق کی چیئرمین شپ میں چار سال تک حریت کانفرنس میں کام کیا اور ان کی ہر ہدایت پر عمل کیا لیکن بعد میں وہ اپنے موقف سے ہٹ گئے اور انہوں نے حریت آئین کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر فاروق گروپ صرف پاکستانی صدر مشرف کی تائید کرتا ہے اور ان کی ہدایات پر عمل کرتا ہے۔

علی گیلانی نے کہا کہ میں الله کی خوشنودی اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد کرتا ہوں چیئرمین شپ کیلئے پریشان نہیں۔ سارے لوگ حق خود ارادیت کے نعرے پر جمع ہوجائیں تو مجھے چیئرمین کے عہدے کے کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا مطالبہ خالص جمہوری ہے کیونکہ کشمیریوں سے رائے پوچھنے کی بات کرتا ہوں جموں وکشمیر نہ پاکستان کا حصہ ہے اور نہ بھارت کا بلک اس کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ علی گیلانی نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں نے کشمیریوں پر کوئی فیصلہ ٹھونسنے کی کوشش کی تو اس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :