عراق میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے نتیجے میں تین امریکی فوجیوں سمیت مزید 16 افراد ہلاک ، امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹرس نے عراق میں اتحادی فوج کی کمانڈ سنبھال لی،القاعدہ گروپ نے گزشتہ ہفتے تباہ ہو نے والے امریکی ہیلی کاپٹر کی ویڈیو جاری کردی

ہفتہ 10 فروری 2007 16:35

عراق میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے نتیجے میں تین امریکی فوجیوں سمیت ..
بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 10فروری2007 ) عراق میں پرتشدد واقعات کے دوران تین امریکی فوجیوں سمیت مزید بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ عراق کے لئے نئی امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹرس نے اتحادی فوج کی کمانڈ سنبھال لی ہے ۔امریکی فوجی ترجمان کے مطابق صوبہ دیالہ کی ایک عمارت میں نصب بم پھٹنے سے تین امریکی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔جنوبی بغداد میں مو صائب کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اسی علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ۔

۔تل افار میں ایک خود کش کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک عراقی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ۔دوسری جانب نئے امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹرس نے عراق میں اتحادی فوج کی کمانڈ سنبھال لی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد بغداد میں‌عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق میں تشدد روکنے کے لئے بغداد میں اتحادی فوج کے آپریشن کی ناکامی کی صورت میں حالات مذید خراب ہوجائیں گے ۔

ادھر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے مزاحمتی گروپ نے گزشتہ ہفتہ تباہ ہونے والے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کی ویڈیو جاری انٹرنیٹ پر جاری کردی ہے۔ جاری ہونے والی فلم جس کا دورانیہ دو منٹ ہے میں امریکی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں امریکی ہیلی کاپڑ کوپرواز کرتے دیکھا یا گیا ہے جس کے قریب ہی دھواں چھوڑتی ایک چیز بھی نظر آتی ہے جس کے بعد ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو جاتا ہے اور اس سے آگ سے شعلے بلند ہو تے نظر آئے۔

ویڈیو میں یہ واضح نہیں ہے کہ دھواں چھوڑتی چیز ہیلی کاپٹر سے ٹکرائی یا نہیں۔ واضح رہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 7 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔امریکی حکام نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث بغداد کے قریب گر کر تباہ ہو ا،جبکہ مزاحمت کاروں نے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔