خام مال کی ایکسپورٹ کی بجائے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے،صدر مشرف

ہفتہ 17 فروری 2007 22:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ خام مال کی ایکسپورٹ کی بجائے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے۔ انجینئرنگ اور آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دیا جائے۔ آٹو انجینئرنگ کے پرزے برآمد کرکے بھی بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ گذشتہ روزساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب 4500ایکڑ پر مبنی پاکستان کی سب سے بڑی ایم تھری انڈسٹریل سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ غربت کے خاتمے میں اہم رول ادا کررہا ہے ۔

انہیں خوشی ہوئی ہے کہ سندر سے تین گنا بڑی صنعتی سٹیٹ کاآغازکیا جارہا ہے اور اس کا ویلو ایڈیشن سٹی مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ملکی برآمدات ساٹھ فیصد ٹیکسٹائل سے متعلقہ ہیں اس کے علاوہ بھی نئی راہوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ہم ڈیری فارم بناتے ہیں خشک دودھ ، دہی اور پنیر بنانا چاہئے۔ پروسیسنگ کے شعبے کو اپنا یا جائے۔ غیرممالک ہم سے خام مالک لے کر مہنگی اشیاء واپس ہمیں بھیج دیتے ہیں۔

پوری دنیا آٹو سپیئر پارٹس کی ہے۔ ہمیں پارٹس برآمد کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر کھرڑیانوالہ کے سماجی رہنما بیلجیم پلٹ رانا محمد یاسین نے صدر پرویزمشرف کے ساتھ صنعتی پالیسی کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صدر مملکت کو فیڈمک کا سوینئر پیش کیا۔ فیڈمک کے چیف ایگزیکٹو افسر خرم افتخار نے انہیں بریفنگ دی جبکہ چیئرمین فیڈمک میاں محمد لطیف نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے صدر مشرف کے وژن کی تعریف کی جو صنعتی شعبہ کو سپورٹ کرتا ہے۔ آخر میں صدر نے مہمانوں کے ہمراہ ضیافت میں شرکت کی۔