افغانستان میں طالبان نے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا، 8 اہلکار ہلاک، 14 زخمی۔ہیلی کاپٹر کو شاہ جوئے کے علاقے میں میزائل سے نشانہ بنایا گیا‘ 10سے زائد اتحادی ہلاک ہوئے‘ طالبان ترجمان کا دعویٰ۔انجن فیل ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا‘ 8 اہلکار ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے‘ ترجمان اتحادی فوج

اتوار 18 فروری 2007 11:28

افغانستان میں طالبان نے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا، 8 اہلکار ..
کابل + زابل(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 18فروری2007 ) افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے زابل میں امریکی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 امریکی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے جنہیں طبی علاج کیلئے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب افغانستان میں اتحادی فوج کیخلاف برسرپیکار طالبان نے اس ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ جوئے کے علاقے میں ہیلی کاپٹر کو میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا جس کے نتیجے میں 10 سے زائد امریکی فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو جنوب مشرقی افغانستان میں امریکی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 امریکی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فوری طور پر ہلاک و زخمی ہونے والے اہلکاروں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ اتحادی فوج نے ہیلی کاپٹر کی تباہی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ انجن کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ اور ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو ملٹری ہسپتال لایا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ڈیو ایکیٹا نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر صبح کے وقت افغانستان کے جنوبی علاقے میں گرا جبکہ ہیلی کاپٹر اور اس میں سوار افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔جبکہ اتحادی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں تباہ ہو نے والے شنوک ہیلی کاپٹر میں سوار 8 امریکی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو ئے۔

بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ امریکی فوج کا شنوک ہیلی کاپٹر افغانستان کے جنوب مشرقی علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے جس میں کل 22 افراد سوارتھے جن میں 8 امریکی فوجی ہلاک جبکہ دیگر 14 زخمی ہوگئے جنہیں ملٹری ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ ذرائع نے پہلے کہا تھا کہ زابل میں گر کر تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر شنوک تھا جبکہ جنوب مشرقی صوبہ زابل کے علاقے شاہ جوئے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر اسی علاقے میں گرا جبکہ افغانستان میں اتحادی فوج کے خلاف برسرپیکار طالبان نے امریکی فوج کے اس ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے میزائل کے ذریعے اس ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے جس میں 10 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان مجاہدین نے شاہ جوئے کے علاقے میں اتحادی افواج کے اس ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے جس کو میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس میں دس سے زائد اتحادی فوجی سوار تھے جو کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔