امریکہ میں دنیا کی مختصر ترین بچی کی پیدائش،قامت 9انچ، وزن 283 گرام ہے

بدھ 21 فروری 2007 14:32

امریکہ میں دنیا کی مختصر ترین بچی کی پیدائش،قامت 9انچ، وزن 283 گرام ہے
فلوریڈا(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21فروری2007) امریکا میں دنیا کی مختصر ترین بچی پیدا ہوئی ہے جس کی جسامت عام بال پوائنٹ سے ذرابڑی ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے جسے آئندہ چند دن میں اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔ ریاست فلوریڈا کے علاقے میامی میں اس بچی کی پیدائش محض اکیس ہفتے اور چھ دن بعد ہی ہو گئی۔

پیدائش کے وقت بچی کے تمام اعضا مکمل تھے اور اس نے عام بچوں کی طرح پیدائش کے فوری بعد ازخود سانس لینے اور رونے کی کوشش کی۔ بچی کے قامت کا اندازہ اس بات سے لگا یا جاسکتاہے کہ اس کے پیر جوان آدمی کے ہاتھوں کی انگلی کی صرف ایک پور جتنے ہیں۔ ماں با پ نے بچی کا نام ایملیا سونجا ٹیلر رکھا ہے اور یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی پیدائش ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کا یہ دعویٰ یونیورسٹی آف آیوا کی رجسٹری پر مبنی ہے جس میں دنیا کے مختصر ترین نئے پیداہونے والے بچوں کا اندراج کیا جاتا ہے۔

پیدائش کے وقت دنیا کی اس مختصر ترین بچی کا وزن تقریباً دو سو تراسی گرام اور قد ساڑھے نو انچ تھا۔24 اکتوبر2006ء کو پیدا ہونے والی ایملیا سونجا ٹیلر کو تقریباًچار ماہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھنے کے بعد منگل کو ہسپتال سے گھر منتقل کیا جانا تھا تاہم ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے اب کچھ دن اورآبزرویشن میں رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :